ایران میں حجاب نہ پہننے پرمزید دو اداکاراؤں پرفردِ جُرم عائد

ایران میں خواتین کے ضابطۂ لباس کی خلاف ورزی پرمزید دو اداکاراؤں پر فردِ جُرم عائد کردی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 37 سالہ باران کوثری اور 44 سالہ شقایق دہقان کے خلاف الگ الگ قانونی مقدمات دائ کیے گئے تھے۔وہ حالیہ دنوں میں بغیر حجاب کے کھلے عام نظرآئی تھیں۔

رپورٹس کے مطابق دونوں اداکاراؤں کو اس مقدمے میں جرمانے یا قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

باران کوثری نے گزشتہ جمعے کو اداکار حسام محمودی کی آخری رسومات میں بغیر حجاب کے شرکت کی تھی، ان کی تصاویر فوری طور پر انٹرنیٹ اور کچھ میڈیا سائٹس پر شائع ہوئی تھیں جبکہ شقایق دہقان کی ایک کیفے میں بغیر حجاب کے تصاویر سامنے آئی تھیں۔

ان سے قبل اداکارہ کتایون ریاحی، پانتہ آبہرام، افشانیہ بیگن اور فاطمہ معتمدآریا کے خلاف حجاب اتارنے پر قانونی مقدمات درج کیے گئے تھے۔ان میں سے بعض اداکاراؤں نے ایرانی سنیما میں اپنے کام کی بدولت متعدد ایوارڈ ز جیتے ہیں۔ان میں ایرانی فلمی صنعت کے معروف ایونٹ، فجرانٹرنیشنل فلم میلہ ایوارڈ بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال 16 ستمبر کو نوجوان لڑکی مہسا امینی کو صحیح طریقے سے حجاب نہ پہننے پر سیکیورٹی اہلکاروں نے حراست میں لیا تھا اور حراست کے دوران اس کی موت ہوگئی تھی جس کے بعد ایران کے مختلف شہروں میں پُرتشدد مظاہرے شروع ہوگئے تھے۔