بوسنیا ہرزیگووینیا: بچپن میں لارڈ آف دی رنگز اور ہوبٹ فلموں سے متاثر ہوکر اپنی یادوں کو تازہ کرنے کے لیے بوسنیا کی ایک سرسبز پہاڑی پر ایک گاؤں نما قصبہ تعمیر کیا ہے۔ یہاں اجنبی دنیا کے پتھریلے گھر دیکھے جاسکتے ہیں جو طلسم کدے کا حصہ معلوم ہوتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ لارڈ آف دی رنِگز کتابوں کو پڑھنے کے بعد یہاں رہنے والی چار بہنیں ، میلیسوچ سسٹرز، اس کے سحر میں گرفتار ہوگئیں۔ انہون نے جب فلموں میں اس کے جادوئی مکانات دیکھے تو انہوں نےاس علاقے کو سیاحتی مقام بنانے کا ارادہ کیا۔
اس پہاڑی علاقے کے پاس ایک ندی بہتی ہے جبکہ اوپر سے پوری وادی نظر آتی ہے جو بہت ہی خوبصورت بھی ہے۔ چاروں بہنوں میں سب سے بڑی بہن ملیجانا نے بتایا کہ ’ ہم اکثر اس علاقے میں آتے رہے اور سوچتے تھے کہ اسے سیاحوں کے لیے مزید پرکشش کیسے بنایا جاسکتا ہے؟
اس گاؤں کو’کریسووو ہوبٹون‘ کا نام دیا گیا ہے۔ پھر دوسری بہنوں، ودرانا اور ویلنٹینا نے ملکر اس کی تعمیر شروع کی اور دائرے نما سوراخ والا پہلا گھر تعمیر کیا۔ اب دو گھر بن چکے ہیں اور مزید تین گھر زیرِ تعمیر ہیں۔ تعمیر میں انہیں لارڈ آف دی رنگز جیسے مکانات کی شکل دی گئی ہے۔
اندر سے مکان کو اس طرح تعمیر کیا گیا ہے کہ اس پرغار کا گمان بھی ہوں۔ یہی وجہ ہے کہ پوری دنیا کے ذرائع ابلاغ میں اس دلچسپ مقام کا تذکرہ ہورہا ہے۔