ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری میں 26 زبانوں میں 21 ہزار گیت گانے والے کیدر ناتھ بھٹہ چاریہ کو کمار سانو بننے کے سفر میں سخت محنت اور کڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
کمار سانو کا بھارتی فلم انڈسٹری پر راج 4 دہائیوں سے جاری ہے۔ ایک دن میں 28 گانے گا کر عالمی ریکارڈ بنانے سے لیکر گھر میں ایوارڈز سے بھرا پورا ایک کمرہ رکھنے والے اس گلوکار کا سفر کبھی اتنا آسان نہ تھا۔
ٹائم آف انڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں کمار سانو نے اپنے مشکل دور کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کشور کمار کے بہت بڑے مداح تھے اور ان کے گانے ریسٹورینٹس اور بار میں گاکر گزر بسر کیا کرتے تھے۔
عاشقی، دل والے دلہنیا لے جائیں گے، سڑک، کچھ کچھ ہوتا ہے اور بازیگر جیسی کامیاب فلموں کے گیت گانے والے کمار سانو نے بتایا کہ مجھ پر زندگی میں کچھ بڑا کرنے کی دھن سوار تھی اور اسی نے مجھے حوصلہ اور ہمت دی۔
کمار سانو نے بتایا کیا کہ میرا نام کیدرناتھ بھٹہ چاریہ ہے لیکن سب کمار سانو کے نام سے جانتے ہیں۔ فلم انڈسٹری میں کمار سانو کا نام موسیقار کلیان جی آنندجی نے دیا اور اب یہی نام میری شناخت ہے۔
معروف گلوکار نے امیتابھ بچن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کلیان جی آنند جی نے میرے نغموں کا کیسٹ امیتابھ بچن کو سنجے دت کے ہاتھوں بھیجوایا اور کہا کہ اس نوجوان کو سنیں۔ میں آپ پر اس کی آواز میں گانا شوٹ کرنا چاہتا ہوں۔
کلیان جی آنندجی نے تو ایک گانے کی بات کی تھی لیکن جب امیتابھ بچن نے میری کیسٹ سنی تو کہا کہ سارے گانے اسی کی آواز میں ہونے چاہیے۔
کمارسانو نے انکشاف کیا کہ 1993 میں مجھے 40 دن کے لیے امریکا جانا تھا۔ تمام فلم پروڈیوسر پریشان ہوں گے کہ گانوں کی ریکارڈنگ میں تاخیر کے باعث وہ مسائل کا شکار ہوجائیں گے۔
میں نے اس مشکل کا حل یہ نکالا کہ اپنے منیجر کو کہا کہ مسلسل اور یکے بعد دیگرے گانوں کی ریکارڈنگ کا شیڈول بنائے۔ اس طرح جوہو اسٹوڈیو میں ایک دن میں 28 گانے ریکارڈ کروا کے عالمی ریکارڈ بنایا۔