پشاور: خیبرپختونخوا میں کل سے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں پولیو مہم چلا ئی جائیگی۔ پہلے مرحلے میں مجموعی طور پر 5 سال سے کم عمر کے35 لاکھ 35 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
اس بات کا فیصلہ صوبائی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر میں منعقدہ ایک اعلی سطحی اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس کی صدارت ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ ای او سی کے کوارڈنیٹر محمد آصف رحیم نے کی جس میں صوبائی محکمہ صحت، اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں یونیسف اور ڈبلیو ایچ او سمیت دیگر معاون اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس مہم کے دوران صوبہ کے بارہ اضلاع بشمول نوشہرہ، پشاور، سوات، باجوڑ، ہنگو، کرک، خیبر، کوہاٹ، کرم، مہمند، اورکزئی اور چارسدہ میں 5سال تک کی عمر کے 33 لاکھ 53 جبکہ ضلع بونیر، لوئر چترال، لوئر دیر، ہری پور، مانسہرہ، مالاکنڈ، مردان اور صوابی میں واقع افغان مہاجر کیمپوں اور پاک افغان سرحد پر واقع مختلف اضلاع بشمول اپر چترال، لوئر چترال، اپر دیر اور لوئر دیر کے مخصوص سرحدی یونین کونسلوں میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 82 ہزار بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلائے جائیں گے۔