امیتابھ بچن کو ایک عام شہری سے لفٹ مانگنی پڑ گئی

ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈ امیتابھ بچن ممبئی کے ٹریفک سے تنگ آکر اجنبی شخص سے لفٹ لینے پر مجبور ہوگئے۔

امیتابھ بچن نے سوشل میڈیا پر تصویر شیئر کی ہے جس میں انہیں موٹر سائیکل پر ایک شخص کے ساتھ سوار دیکھا جا سکتا ہے۔

اداکار نے اس تصویر کے کیپشن میں لفٹ دینے والے اجنبی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں آپ کو جانتا تو نہیں لیکن آپ کی وجہ سے میں کام کیلئے وقت پر پہنچ گیا۔ لفٹ کے لیے شکریہ دوست۔‘

امیتابھ بچن کی یہ تصویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے اور ان کے مداح اس پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔

مداحوں کا کہنا ہے کہ بگ بی نے خود کسی عام شہری سے لفٹ مانگی ہے اس نے تو خواب میں بھی ایسا نہیں سوچا ہوگا۔ ایک صارف نے لکھا کہ ممبئی کے ٹریفک نے امیتابھ بچن جیسے لیجنڈ کو بھی لفٹ لینے پر مجبور کر دیا۔

یاد رہے کہ امیتابھ بچن گزشتہ دنوں اپنی فلم ’پراجیکٹ کے‘ کی شوٹنگ کے دوران ایک حادثے کا شکار ہو کر زخمی ہوگئے تھے جس کی وجہ سے فلم کی شوٹنگ ملتوی کر دی گئی تھی تاہم اب اداکار صحتیاب ہوچکے ہیں اور شوٹنگ مکمل کروانے میں مصروف ہیں۔