پاکستان کیساتھ معاشی سطح پر کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں، ایرانی صدر

پشین : ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا ہے کہ پاکستان کیساتھ معاشی سطح پر کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں، منصوبوں سے دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی مزید مضبوط ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ایران کےدرمیان گبد پولان بجلی ترسیلی منصوبے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، وزیراعظم شہبازشریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے تقریب میں شرکت کی۔

تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو ، بلاول بھٹو ، خرم دستگیر ،مریم اورنگزیب ، اختر مینگل ،خامدمگسی ودیگر بھی شریک تھے۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک ایران تعلقات اہمیت کے حامل ہیں،آج دونوں ممالک نے تعلقات کو مزید مستحکم بنانےکیلئے قدم اٹھایاہے۔

ابراہیم رئیسی نے ایرانی سرحد پر وزیراعظم شہبازشریف اور وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ سرحد ایران اور پاکستان کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جن منصوبوں کا آج افتتاح کیاگیا ان کی بنیاد بہت پہلے رکھی گئی تھی مگر تاخیر کا شکار ہوئے، ایران پر پابندیوں کے باوجود ہم نے ان منصوبوں کوپورا کیا،پاکستان اور ایران کے عوام کو مبارکباد پیش کرتاہوں۔

ایرانی صدر نے بتایا کہ بہت سے ممالک کیلئےحیران کن ہے کہ ایران نےپابندی کےباوجود منصوبوں کو مکمل کیا، توانائی کےشعبے میں پاکستان کیساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہیں،پاکستان سمیت ہمسائیہ ممالک کیساتھ توانائی کےشعبے میں کام کرنے میں گنجائش موجود ہے۔

ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ 9ماہ کےاندر پاکستان اورایرانی حکام نے ملکر کام کیا اور تحفظات کو دور کیا،پاکستان کیساتھ معاشی سطح پر کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ بارڈر مارکیٹ سے تجارت اور رابطے بڑھیں گے ، ان منصوبوں سے دونوں ممالک کےدرمیان سیکیورٹی مزید مضبوط ہوگی، ہم ان منصوبوں کو تجارت کے مواقع کی نظر سےدیکھتے ہیں۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ خطے کے مسائل حل کرنے کیلئے مذاکرات ضروری ہیں، مغربی ممالک کی دخل اندازی سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا۔

ابراہیم رئیسی نے وزیراعظم شہبازشریف کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب پاکستان اورایران کے مضبوط تعلقات کا مظہر ہیں۔