جھانسی: بھارت میں دلہن شادی کی رسومات چھوڑ کر امتحان دینے سینٹر پہنچ گئی۔
بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر جھانسی کے ایک امتحانی مرکز میں تمام لوگ اس وقت حیران رہ گئے جب انہوں نے سجی سنوری دلہن کو آتے دیکھا۔ کرشنا راجپوت بیچلرآف آرٹس (بی اے) فائنل کی طالبہ ہیں اور ان کا سوشیالوجی کا پرچہ شادی والے دن تھا۔
دلہن کرشنا راجپوت کا کہنا تھا کہ میرے لیے امتحان بھی اتنا ہی اہم اور ضروری تھا جتنا کہ شادی۔ پرچہ دینے کے بعد میری رخصتی ہوگی۔ دلہن کے امتحان دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جسے اب تک ہزاروں صارفین پسند کرچکے ہیں۔