سعودی عرب سے پاکستان پہنچنے والی خاتون میں منکی پاکس کی تصدیق

سعودی عرب سے پاکستان پہنچنے والے ایک اور مسافر میں منکی پاکس کی تصدیق ہوگئی۔

مکہ سے آج  اسلام آباد پہنچنے والی خاتون لیب ٹیکنیشن منکی پاکس کی مریضہ نکلی۔

پمز  کے ماہرین متعدی امراض کا کہنا ہے کہ منکی پاکس سے متاثرہ خاتون کا پمز کے آئسولیشن وارڈ میں علاج کیا جا رہا ہے، قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد نے بھی 19 سالہ خاتون کے منکی پاکس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے۔

قومی ادارہ برائے صحت کے مطابق اب تک سعودی عرب سے پاکستان آئے 4 افراد میں منکی پاکس کی تصدیق ہوچکی  ہے، اسلام آباد آنے والے تین اور کراچی آنے والے ایک فرد میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی ہے۔

قومی ادارہ برائے صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں منکی پاکس مقامی سطح  پر  پھیلنے کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں۔