روس سے ایک لاکھ ٹن تیل لایا جارہا ہے: مصدق ملک

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہےکہ روس سے دو سے تین روز میں جہاز خام تیل لے کر عمان پہنچے گا جہاں سے چھوٹے جہازوں کے ذریعے تیل پاکستان لایا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان نے نئی گرین فیلڈ آئل ریفائنگ پالیسی کی منظوری دے دی ہے، پاکستان میں اس نئی پالیسی سے ملک میں سرمایہ کاری آئے گی، ملک میں جدید ترین 4 لاکھ بیرل یومیہ آئل کی ریفائنری لگانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معاشی ترقی کے لیے انرجی سکیورٹی ضروری ہے، ان سرمایہ کاروں کو ٹیکس چھوٹ دیں گے، نئی ریفائنریز خصوصی اقتصادی زون میں لگیں گی،  آئل ریفائننگ میں سرمایہ کاروں کو فارن انویسٹمنٹ ایکٹ کے تحت تحفط فراہم کریں گے، اس کے علاوہ ایل پی جی ائیرمکس کی پالیسی لارہے ہیں، جہاں گیس نہیں وہاں نجی شعبے کے ذریعے ایل پی جی فراہم ہوسکے گی۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ  پاکستان کی پیٹرول اور ڈیزل کی سالانہ ضرورت 20 سے 21 ملین ٹن ہے، ملکی تیل کی ضروریات کا تقریباً 50 فیصد مقامی ریفائنریزفراہم کرتی ہیں، ملک میں فرنس آئل کی کھپت ختم ہورہی ہے،  2032 تک ملک میں پیٹرول اورڈیزل کی سالانہ کھپت 33ملین ٹن تک پہنچ جائے گی۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ روس سے خام تیل کا جہاز 27-28 مئی کو عمان پہنچ رہا ہے، عمان سے یہ خام تیل چھوٹے جہازوں کے ذریعے پاکستان پہنچے گا، جہاز سے ایک لاکھ ٹن تیل لایا جارہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ آئی ایم ایف غریب کےلیے  سستے پیٹرول پیکج پراعتراض کرے گا۔