لاہور: پی ٹی آئی کی سابق ایم این اے عائشہ گلالئی پاکستان مسلم لیگ ق میں شامل ہوگئیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عائشہ گلالئی نے کہا کہ مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کرتی ہوں، چوہدری شجاعت سے سیاست سیکھنے کا موقع ملا ہے، ان کا کبھی کرپشن کا اسکینڈل سامنے نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ میں حقیقی جہموریت ہے، مسلم لیگ کو عوامی اور جمہوری پارٹی سمجھ کر شمولیت اختیار کی ہے۔
عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ میں 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہوں، ڈاکٹر اسرار احمد پی ٹی آئی سے متعلق پہلے پیشگوئی کر چکے تھے، 9 مئی کو جس طرح افواج پاکستان نے صبر کیا قابل فخر ہے، پی ٹی آئی کے جو رہنما پارٹی چھوڑ رہے ہیں انہیں سلام پیش کرتی ہوں، پاکستان مسلم لیگ میں شرکت کی سب کو دعوت دیتی ہوں۔
علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے متعدد پارٹی رہنما و سابق ارکان اسمبلی ق لیگ میں شامل ہوگئے۔
سیالکوٹ کی بریار فیملی نے چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کرکے مسلم لیگ ق میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔ ان میں سابق ایم پی اے احسن بریار ، عنصر بریار اور سلیم بریار شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق مزید اہم سیاسی رہنما بھی جلد شمولیت اختیار کریں گے۔