مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے خوشخبری،وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو بجٹ میں بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کمیٹی نے کام شروع کردیا،اعلی سطح کمیٹی عوام کو سہولیات اور ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات پر مشاورت اور تجاویز مرتب کرے گی،کمیٹی میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ ، خواجہ سعد رفیق، وزیر پٹرولیم مصدق ملک، چیئرمین خزانہ کمیٹی قیصر احمد شیخ جبکہ کمیٹی میں ڈاکٹر جہانزیب، شزا فاطمہ،احمد عمیر، آصف میر سمیت وزارت خزانہ، منصوبہ بندی سمیت متعلقہ وزارتوں کے افسران شامل ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کا بنیادی مقصد عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کیساتھ اس تک سہولیات پہنچانے ٹاسک ہے،کمیٹی مالی سال2023-24 کے بجٹ سے قبل اپنی سفارشات مرتب کرے گی،مزدور، چھوٹے کاشتکار، نچلے رینک کے ملازمین کو ریلیف کی فراہمی کے اقدامات تجویز کئے جائیں گے،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں توازن سمیت دیگر تجاویز بھی مرتب کرے گی،
کمیٹی زرعی اجناس، کھاد، زرعی بیج سمیت زراعت کے شعبے میں چھوٹے کاشتکار کو ریلیف دینے کے اقدامات بھی تجویز کرے گی۔
ذرائع کے مطابق نئی نسل کو ٹیکنالوجی کے شعبے سے روشناس کرانے کے لئے لیپ ٹاپ سکیم کے اجرا سمیت اس سے متعلقہ تجاویز بھی مرتب کی جائینگی،سرکاری سکولز و کالجز میں عام آدمی کے بچوں کو اچھی تعلیم سے متعلق تجاویز بھی مرتب کی جائیں گی،سرکاری سکولوں میں معیار تعلیم کی بہتری اور نجی شعبے کے تعاون کو شامل کرنے کی تجاویز کو بھی حتمی شکل دینے پر غور ہوگا،وزیراعظم خود بھی مختلف وزراء اور اراکین پارلیمنٹ سے بجٹ پر تجاویز لے رہے ہیں۔