اسلام آباد:آئندہ مالی سال2023-24 کے بجٹ میں بچوں کے امپورٹڈ دودھ پر سیلز ٹیکس بڑھانے کی تجویزسامنے آئی ہے جس کے تحت سیلز ٹیکس 12 سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے کا امکان ہے جبکہ ڈبے میں بند گوشت، مچھلی،مرغی کا گوشت اور اس کی دیگر اشیا پر بھی سیلز ٹیکس 18 فیصد کرنے کی تجویزدی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ فروری کے منی بجٹ میں اضافی سیلز ٹیکس کی شرح وفاقی بجٹ میں بھی برقراررکھنے کی تجویزدی گئی ہے،سیلز ٹیکس کے نائنتھ شیڈول کی کیٹگری ای اور ایف پر سیلز ٹیکس 18 فیصد برقرار رکھے جانے کا امکان ہے،۔
فروری 2023 میں روزمرہ استعمال کی اشیا پر سیلز ٹیکس شرح 17 سے بڑھ کر 18 فیصد کی گئی تھی،چائے، چینی، جام اور جیلی پر سیلز ٹیکس کی شرح 18 فیصد پر برقراررہنے کا امکان ہے،صابن، سرف اور برتن دھونے کے لیکورڈ پر سیلز ٹیکس 18 فیصد پر برقرار رکھنے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ٹوتھ پیسٹ، ٹوتھ برش اور ماؤتھ فریشنر پر سیلز ٹیکس 18 فیصد پر برقرار رہیں گی،ڈبے میں بند مصالحہ جات، گوشت گلانے کے پاؤڈر پر سیلز ٹیکس 18 فیصد برقرار رہے گا، چائے کی پتی اور ڈبے میں بند سبز قہوہ پر سیلز ٹیکس 18 فیصد پر برقرار رہے گا۔#/s#