سی این جی اسٹیشنز 2 روز کیلئے بند، گھریلو صارفین تاحال مشکل میں

گیس کم پریشر کا مسئلہ حل کرنے کیلئے پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں سی این جی اسٹیشنز کو ہفتے میں 2 روز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پشاور میں آج دوسرے روز بھی تمام سی این جی سٹیشنز بند رہے۔

گیس لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کیلئے پشاور سمیت صوبہ بھر میں سی این جی اسٹیشن کو ہفتے میں 2 روز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا، صوبائی دارالحکومت میں آج دوسرے روز بھی سی این جی اسٹیشنز بند ہونے کی وجہ سے عوام مشکلات سے دوچار ہیں۔

شہری کہتے ہیں نہ گھریلوں امور کیلئے گیس دستیاب ہے اور نہ ہی گاڑیوں کیلئے، ٹرانسپورٹز بھی دگنا کرایہ وصول کرتے ہیں۔

دوسری جانب سی این جی آپریٹرز کا کہنا ہے کہ حکومتی فیصلے نے ان کے کاروبار کو بری طرح متاثر کیا ہے، اگر گیس کے مسائل جلد حل نہ کئے گئے تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

سی این جی بندش کے باوجود بھی شہر کے مختلف علاقوں میں گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی ممکن نہ ہوسکی۔