پی پی کا کےپی حکومت کی مبینہ کرپشن کیخلاف احتجاج، پولیس اور مظاہرین میں تصادم

پشاورمیں پاکستان پیپلزپارٹی کے خیبر پختونخوا حکومت کی مبینہ کرپشن کے خلاف اسمبلی چوک میں احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم ہوگیا۔

پیپلزپارٹی نے خیبرپختونخوا میں مبینہ کرپشن کے خلاف صوبہ بچاؤ مہم کے سلسلے میں نے صوبائی اسمبلی چوک میں احتجاجی مظاہرہ اور جلسہ کیا۔

مظاہرین نے خیبرروڈ بند کر دیا اور ریڈزون میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس نے مظاہرین پر شیلنگ کی جبکہ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔ پھتراؤ کے دوران جیو نیوز کی ڈی ایس این جی کا شیشہ بھی ٹوٹ گیا۔

اسمبلی چوک میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے قائم احتجاجی کیمپ کو بھی آگ لگا دی گئی۔ 

اس دوران تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کارکنان آمنے سامنے آگئے تاہم پولیس نے مظاہرین کو منتشر کیا تو وہ قلعہ بالا حصار کے سامنے دوبارہ جمع ہوگئے۔

 بعدازاں مظاہرین منتشر ہوگئے۔ آنسوگیس شیلنگ کے دوران پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی صدر نجم الدین خان و دیگر کارکنان کی طبیعت بگڑ گئی جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انکی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کیمروں کی ویڈیو کی مدد سے احتجاجی کیمپ کو آگ لگانے والوں کی شناخت کی جائے گی۔