تاجروں نے مائنز اینڈ منرلز بل اور بجلی بلوں پر فکس ٹیکس مسترد کر دیا

پشاور سے تعلق رکھنے والے تاجروں نے مائنز اینڈ منرلز بل اور بجلی بلوں پر ایک ہزار روپے فکس ٹیکس کو مسترد کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ کی زیر صدارات پاکستان کے تمام ریجنل آفسز کی زوم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں پشاور ریجنل آفس سے ایگزیکٹیو ممبر شہزاد احمد صدیقی نے اپنے صوبے کی بزنس کمیونٹی اور چیمبرز کو درپیش مسائل کو اجاگر کیا۔
اجلاس کے دوران شہزاد احمد صدیقی نے مائنز اینڈ منرلز بل کو صوبے کی بزنس کمیونٹی کے حق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے تاجروں کے حقوق کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ لہذا نیپرا نے جو بجلی کے بلوں پر ایک ہزار روپے فکس ٹیکس عائد کیا ہے اس کو ختم کیا جائے۔ صدارتی آرڈینیس کے ذریعے جو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو اختیار دیا گیا ہے اس کو بھی مسترد کرتے ہیں۔
شہزاد احمد صدیقی نے کہا کہ پشاور ریجنل آفس فیڈریشن کی تعمیر میں فنڈ کی عدم دستیابی اور تعمیراتی کام کی تاخیر کی جو وجوہات ہیں ان کو فوری حل کیا جائے۔