سرکاری ملازمت کے خواہشمند افراد کیلئے بری خبر آگئی۔ وفاقی حکومت نے وفاقی سول بھرتیوں پر ایک سال کی پابندی کا امکان ظاہر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق 9 جون کو وفاقی حکومت آئندہ مالی سال کیلئے بجٹ پیش کرنے جارہی ہے۔ آئندہ بجٹ میں خسارہ روکنے کے لیے سخت ترین اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ خریداری اور خدمات پر تاریخی کٹ لگے گا۔
ذرائع کے مطابق نئی سول وفاقی بھرتیوں پر ایک سال کی پابندی لگنے کا امکان ہے۔ انتہائی ضروری بھرتی کے لیے متعلقہ ادارے کو فنڈز کی دستیابی بارے تفصیل دینا ہوگی۔ کوئی ادارہ نئی بھرتی کے لیے ٹاسک کی ڈیمانڈ نہیں دے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے بجٹ ڈیمانڈ 2023 میں طلب کردہ بھرتیوں کا جائزہ لینے والی کمیٹی کو تاکید کردی گئی۔ قرضہ لے کر نئے ٹاسک کے لیے بھرتی پر پابندی ہوگی۔ حکومت ایسے قرضوں کے لیے گارنٹی نہیں دے گی۔
ذرائع نے کہا ہے کہ ترقیاتی بجٹ کے تحت منصوبوں کے لیے پلاننگ ڈویژن کو اضافی اسٹاف نہیں ملے گا۔ مہنگائی کی بنیاد پر طلب کردہ پرائس اسکیلیشن فنڈ پر قدغن لگائی جائے گی۔ ٹائم فریم کے اندر تکمیل نہ ہونے پر منصوبوں کو کوئی اضافی فنڈز نہیں ملیں گے۔