وزیراعظم کا غریب طبقے کیلئے بجٹ میں خصوصی اقدامات کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے غریب اور متوسط طبقے کیلئے بجٹ میں خصوصی اقدامات کی ہدایت کردی، وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے چار سالہ سیاہ دور میں نوجوانوں میں نفرت و انتشار کے جذبات، ڈنڈے اور پیٹرول بم تھمائے گئے۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت غریب و متوسط طبقے کیلئے بجٹ میں ریلیف سے متعلق اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں وفاقی وزراء خواجہ آصف، اسحاق ڈار، احسن اقبال، مشیرِ وزیراعظم احد چیمہ، وزیرِ مملکت ڈاکٹر مصدق ملک، معاون خصوصی جہانزیب خان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت شازیہ مری، معاونین خصوصی شزا فاطمہ اور قیصر شیخ کے علاوہ جدید فارمنگ کے ماہر احمد عمیر اور آئی ٹی کے شعبے سے آصف پیر نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیراعظم نے اجلاس کے دوران معاشی چیلنجز کے باوجود غریب اور متوسط طبقے کیلئے بجٹ میں خصوصی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ وسائل کو بہترین انداز میں بروئے کار لا کر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کسانوں کو کھاد پر براہ راست سبسڈی پہنچانے کیلئے جامع پلان تشکیل دے کر پیش کرنے کی ہدایت کردی، وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت مستحق کسانوں کے ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے میں معاونت فراہم کرے گی، ٹیوب ویلز کی سولرائیزیشن سے ایندھن کا درآمدی بل کم ہوگا اور کسانوں کی فی ایکڑ پیداواری لاگت کم ہو گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے بین الاقوامی منڈی میں قیمتیں نیچے آتے ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات کو عام آدمی تک پہنچایا جائے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دائرہ کار بڑھا کر مستحق لوگوں کی شمولیت یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ ملک بھر میں کوئی بھی مستحق بیوہ بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کے ڈیٹا سے باہر نہ رہے، مستحق طلباء و طالبات کو وظائف سے اعلیٰ تعلیم و پیشہ ورانہ ہنر سے لیس کیا جائے گا، حکومت اس مقصد کیلئے پاکستان ایجوکیشن اینڈاؤمنٹ فنڈ کا قیام یقینی بنارہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم ہمیشہ کی طرح ملک کے نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، لیپ ٹاپس اور روزگار کے مواقع فراہم کرتے رہیں گے، حکومت نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار و عصری تقاضوں کے مطابق ہنر فراہم کرے گی، وزیرِ اعظم یوتھ لون پروگرام کا دائرہ کار بڑھا کر نوجوانون کو آسان شرائط پر قرض سے کاروبار میں سہولت فراہم کی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا ہم اپنی نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو بہترین طریقے سے بروئے کار لا کر ملک و قوم کی ترقی یقینی بنائیں گے، چھوٹے کاروبار اور چھوٹے پیمانے کی صنعت کی ترقی کیلئے تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں، نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سہولیات فراہم کرکے ملکی آئی ٹی برآمدات بڑھائی جائیں گی، نوجوانوں کو فری لانسنگ اور پیشہ ورانہ تربیت سے لیس کرکے خود روزگاری میں سہولت فراہم کی جائے گی۔