روسی خام تیل کے پہلے جہاز پاکستان پہنچنے کے بعد یکم جولائی سے ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 40 روپے کی کمی کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ خام تیل لے کر روسی جہاز ’پیور پوائنٹ‘ گزشتہ روز کراچی بندرگاہ پہنچا تھا، 183 میٹر لمبے روسی جہاز پیور پوائنٹ میں 45 ہزار میٹرک ٹن تیل لدا ہے۔
دوسری طرف ریفائنری ذرائع کےمطابق روس سے آنے والے خام تیل کے جہازپیورپوائنٹ سےخام تیل نکالنے کا کام شروع ہو گیا ہے، جہاز سے 3 ہزار ٹن تیل پاکستان ریفائنری منتقل کردیا گیا ہے۔
اُدھر وزارت پٹرولیم کے حکام کے مطابق روسی تیل آنے سے ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مزید کم ہوں گی۔ قیمتوں پر فرق یکم جولائی سے پڑے گا۔
روس سے خام تیل کی درآمد ماہانہ چودہ لاکھ بیرل تک بڑھائی جاسکتی ہے۔ روسی تیل صاف ہونے کے بعد اوسط قیمت نکالی جائے گی۔ مقامی اور روسی تیل کو ملا کر اوسط قیمت نکلے گی۔
روسی تیل عام مارکیٹ سے تیس سے چالیس فیصد سستا ہے۔ پٹرول ڈیزل کی اوسط پیداوار پچاس فیصد سے زائد نکلی تو چالیس روپے فی لیٹر قیمتیں کم ہوسکتی ہیں۔
پٹرول ڈیزل کی اوسط پیداوار پچاس فیصد سے زائد نکلی تو چالیس روپے فی لیٹر تک قیمتیں کم ہوسکتی ہیں
وزیراعظم شہباز شریف
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں لکھا تھا کہ آج میں نے قوم سے کیا ہوا ایک اور وعدہ پورا کردیا ہے۔ مجھے بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے روس سے رعایتی قمیت پر خریدی گئی پہلی خام تیل کی کھیپ کراچی پہنچ گئی ہے اور اسے کل بحری جہاز سے اتارنے کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے لکھا تھا کہ آج کا دن تاریخ میں ایک تاریخی تبدیلی کے دن کے طور پر یاد کیا جائے گا۔ ہم نے خوشحالی، معاشی ترقی، توانائی سلامتی اور کم لاگت ایندھن کی فراہمی کی طرف آج پہلا اور انتہائی اہم قدم اٹھایا ہے۔ روس سے پاکستان آنے والی تاریخ میں خام تیل کی یہ پہلی کھیپ ہے اور یہ روس اور پاکستان کے مابین تعلقات کے ایک نئے باب کی شروعات ہے۔ اس موقع پر میں ان تمام لوگوں کی کوششوں کو سراہتا ہوں جو اس قومی اقدام کی تکمیل میں شریک رہے اور روس سے خام تیل کی درآمد کے وعدے کو حقیقت میں بدلنے میں اپنا کردار ادا کیا۔’
وزیر مملکت مصدق ملک
وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا تھا کہ ایک اور جہاز جلد پاکستان آئے گا، اس طرح تیل کی مسلسل ترسیل شروع ہونے کے بعد عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ جلد سستا پٹرول ملے گا۔
واضح رہے کہ حکومت نے متوسط طبقے کو ریلیف دینے کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں سلیبز بنائی تھیں، جس میں موٹر سائیکل سواروں کو اصل قیمت سے 100 روپے سستا پٹرول فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اس سکیم پر عملدرآمد نہ ہوسکا البتہ اب پیشگوئی کی جا رہی ہے کہ روس سے سستا پٹرول پاکستان پہنچنے پر اس سکیم پر عمل شروع کیا جا سکتا ہے ۔