آپ معمولی انسان ہیں یا خاص، نئی تحقیق نے پیمانہ مقرر کردیا

’کھاؤ، کام کرو، سو اور یہی عمل دوبارہ سے دہراؤ‘، شہری علاقوں میں رہنے والے اکثر لوگوں کی یہی زندگی ہے۔

لیکن آپ کو یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ ایک اوسط انسان ہر ہفتے 41 گھنٹے کام کرنے کے باوجود اپنا زیادہ تر وقت ان چیزوں میں صرف کرتا ہے جس سے وہ لطف اندوز ہوتا ہے۔

کینیڈا کی میک گل یونیورسٹی کے محققین نے بتایا ہے کہ 58 ممالک میں انسانوں کے لیے عام دن کیسا ہوتا ہے۔

محققین نے پایا کہ ہر روز ساڑھے گھنٹے مختلف چیزیں بنانے، کاشت کرنے اور ان کی دیکھ بھال میں صرف ہوتے ہیں، جبکہ ڈھائی گھنٹے حفظان صحت پر خرچ ہوتے ہیں۔

مطالعہ کے مصنف ایرک گالبریتھ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ’ہم نے پایا کہ وقت کا سب سے بڑا حصہ جو نو گھنٹے سے تھوڑا زیادہ ہے، خود انسان اپنے اوپر صرف کرتے ہیں‘۔

’اس میں سے زیادہ تر یعنی تقریباً ساڑھے 6 گھنٹے لوگ وہ کام کرتے ہیں جن سے وہ لطف اندوز ہوتے ہیں، جیسے گھومنا پھرنا، ٹی وی دیکھنا، میل جول اور کھیل کود۔‘

ماہرین نے متعدد سروے اکٹھے کیے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ دنیا کی 60 فیصد آبادی کے لیے ایک عام دن کیسا لگتا ہے۔

انفرادی رویے کا باریک بینی سے تجزیہ کیا گیا، جن میں صفائی ستھرائی سے لے کر گاڑی میں پٹرول ڈالنے تک ہر چیز پر توجہ مرکوز کی گئی۔

آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ کھانے کی تیاری، جس میں برتن دھونا، کھانا پکانا اور دسترخوان اٹھانا شامل ہے، اوسطاً صرف 55 منٹ کھاتی ہے۔

لیکن ماہی گیری، فصل کی پیداوار، اور دیگر کاشتکاری کی سرگرمیوں میں اوسطاً دن کے 52 منٹ لگتے ہیں، جبکہ ان لوگوں کیلئے کھانے میں تقریباً 96 منٹ روزانہ لگتے ہیں۔

دریں اثنا، نہانے اور ہماری صحت کی دیکھ بھال کرنے میں تقریباً ڈھائی گھنٹے لگتے ہیں، جبکہ کچرا پھینکنے میں چند منٹ سے بھی کم وقت لگتا ہے۔

اگر آپ اس سے اختلاف کرتے ہیں یا آپ کا کم یا زیادپ وقت خرچ ہوتا ہے تو فکر نہ کریں۔

پروفیسر گالبریتھ بتاتے ہیں کہ تحقیق میں بچوں کو شامل کرنے کی وجہ سے کچھ نتائج متزلزل ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے اس کی مثال میں اوسط نیند کی طرف اشارہ کیا جو نو گھنٹے تو بالکل نہیں ہوسکتی۔

بچے اوسطاً 11 گھنٹے تک سو سکتے ہیں، جبکہ بالغ افراد عام طور پر صرف ساڑھے گھنٹے سوتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا، ’اس میں بستر پر گزرا وقت اور نہ سونا بھی شامل ہے، جو روزانہ کا ایک گھنٹہ تک ہو سکتا ہے۔‘

پروفیسر گالبریتھ تسلیم کرتے ہیں کہ ملکوں کے درمیان کچھ بڑے ثقافتی اور اقتصادی اختلافات ہیں۔

مثال کے طور پر، جبکہ اوسط فرد کے دن میں مذہبی روسومات اور عبادات میں 12 منٹ صرف ہوتے ہیں، تو عقیدہ ہر ملک میں بڑے پیمانے پر مختلف ہوتا ہے۔

پروفیسر گالبریتھ نے کہا، ’کچھ چیزیں ایسی ہیں جو آمدنی اور ثقافتی فرق کی بنیاد پر بہت مختلف ہوتی ہیں۔‘

’مثال کے طور پر، غریب ممالک میں لوگ امیر ممالک کے برعکس زیادہ وقت کاشتکاری میں صرف کرتے ہیں۔ اور اس میں بڑی چیزیں شامل ہیں جیسے کھانا تیار کرنے میں خرچ کیا گیا وقت آدھے گھنٹے سے لے کر تقریباً تین گنا تک زیادہ ہوسکتا ہے۔‘

’لیکن بہت سی چیزوں کے لیے جیسے کہ لوگ ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے میں کتنا وقت گزارتے ہیں، ملکوں کے درمیان بہت کم فرق ہے۔‘