اسلام آ باد: وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت پر پیشہ ور ماہرین پر مشتمل ہیلتھ ٹاسک فورس تشکیل دے دی گئی ہے۔ ڈاکٹر سید علی فرحان رازی چیئرمین ٹاسک فورس تعینات کردیا گیا۔
ترجمان وزارت صحت نے کہا ہے کہ ٹاسک فورس 12 اراکین پر مشتمل ہے جس میں طبی شعبہ کے ماہرین پنجاب، سندھ، کے پی کے بلوچستان، جی بی اے جے کے اور آئی سی ٹی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر صحت کی ہدایت پر ہیلتھ ٹاسک فورس کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں سمندری طوفان بِپرجوئے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ترجمان وزارت صحت نے کہا ہے کہ اجلاس کے دوران ڈاکٹر سبینا درانی نے این ای او سی اجلاسوں کے بارے میں بریف کیا۔ محکمہ صحت سندھ کی طرف سے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
وفاقی حکومت محکمہ صحت سندھ کی درخواست پر ہر طرح کا تعاون فراہم کرے گی۔ٹاسک فورس میں ارکان کی جانب سے سفارشات اور تجاویز مرتب کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کیمپ لگانے کے بجائے ہسپتالوں اور موجودہ انفراسٹرکچر کو بوجھ برداشت کرنے کے قابل بنانے کیلئے اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
اجلاس کے دوران ماہرین نے کہا کہ خواتین اور بچوں جیسے پسماندہ گروہوں پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔ اجلاس میں انسانی وسائل ادویات کے حوالے سے بیماریوں کی نگرانی اور مقامی تیاریوں پر توجہ مرکوز کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ پہلے سے کام کر نے والے شراکت داروں کے کام کا اندازہ لگانے کے لیے فوری طور پر اجلاس بلایا جائیگا۔ حفاظتی ٹیکوں کو بھی سو فی صد یقینی بنایا جائے گا۔
اس کے علاوہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سانپ کے کاٹے کا علاج کرنے کے لئے اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ قدرتی آفات کے دوران واش اور حفظان صحت کے اصولوں کو نظر انداز کیاجانا عام بات ہے، تیاری کے منصوبوں میں اس کا حساب ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ امرض رپورٹ کرنے کے لیے قومی ادارہ صحت کو فوری طور پر فعال کیا جائے گا۔
اجلاس کے ماہرین نے اس امر پر بھی اتفاق کیا کہ اس ضمن میں رابطہ کاری کی غرض سے سندھ میں ایک فوکل پرسن کی نشاندہی کی جائے، محکمہ صحت سندھ کی درخواست پر پمز کسی بھی مدد کے لیے دستیاب ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈبلیو گروپ آف انڈسٹریز کی جانب سے متاثرہ آبادی کو ملٹی وٹامنز کی 10لاکھ خوراکیں دینے کا وعدہ کیا ہے۔ چیئرمین نے سفارش کی اجلاس کی کارروائی کی سمری وفاقی وزیر کو پیش کی جائے۔