چھٹی والے دن ان 5 چیزوں کا ناشتہ کرنا خطرے سے خالی نہیں

اسکولوں میں موسمِ گرما کی تعطیلات کا آغاز ہوچکا ہے جب کہ آج اتوار بھی ہے، اکثر گھروں میں چھٹی والے دن حلوہ پوری سمیت کئی ایسے کھانے ناشتے میں پیش کیے جاتے ہیں جنہیں کھانا خطرے سے خالی نہیں۔

دن کا آغاز  غذائیت سے بھرپور ناشتے سے کرنا چاہیے کیونکہ آپ نے پورا دن گزارنا ہوتا ہے،  اور پھر صبح کھائی جانے والی غذا انسان کو کئی بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتی ہے۔

تاہم آج ہم آپ کو ان 5 ناشتوں کے بارے میں بتائیں گے جو تقریباً ہر گھر میں ہی مقبول ہیں اور اکثر چھٹی والے دن صبح گھروں میں کھائے جاتے ہیں، لیکن ان سے متعلق ماہرینِ غذائیت نے سختی سے منع کیا ہے کہ انہیں ناشتے میں نہیں کھانا چاہیے۔

آئیے جانتے ہیں کہ وہ 5 ناشتے کون سے ہیں؟

حلوہ پوری

تعطیل والے دن حلوہ پوری صبح ناشتے میں بہت ہی شوق سے کھائی جاتی ہے، لوگ معروف جگہوں کی حلوہ پوری دور دور سے کھانے آتے ہیں۔ حلوہ، پوری، چنے اور آلو کی بھجیا بچے، بڑے اور بوڑھے شوق سے کھاتے ہیں ، لیکن کیا آپ کے علم میں ہے کہ یہ ناشتہ کسی زہر سے کم نہیں؟

جی ہاں! چونکہ پوریوں کو تیل کے اندر ڈیپ فرائی کیا جاتا ہے اور صبح صبح خالی پیٹ اتنی بھاری غذا کھانے سے آپ کا نظامِ ہاضمہ درہم برہم ہوسکتا ہے، اس کے علاوہ آپ کو سر درد اور قے یا متلی کی شکایت بھی ہوسکتی ہے۔

اس کے علاوہ حلوہ پوری سے کولیسٹرول میں اضافہ اور سینے میں جلن بھی ہوسکتی ہے۔

نہاری، پائے اور کلچے وغیرہ

بہت سے لوگ نہاری اور پائے ناشتے میں پسند کرتے ہیں، لیکن یہ ناشتہ عموماً چھٹی والے روز گھروں میں بنتا یا باہر سے لایا جاتا ہے۔

تاہم ماہرینِ غذائیت کا کہنا ہے کہ ناشتے میں اتنی آئل والی چیزیں کھانے کے بجائے ہلکی پھلکی اور صحت سے بھرپور غذا کھانی چاہیے۔

صبح اٹھتے ہی ایک دم سے اتنا زیادہ گھی یا آئل والا کھانا آپ کی صحت کے لیے انتہائی مضر ہے۔

پراٹھا

ہوٹل کا گرم گرم تندوری پراٹھا مل جائے تو کیا ہی بات ہے، لیکن زبان کے ذرا سی دیر کے چسکے کے لیے اپنی زندگی خطرے میں نہ ڈالیں۔

روزانہ کی بنیاد پر صبح بیدار ہوتے ہی پراٹھا کھانے سے آپ کو ناصرف بلڈ پریشر کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے بلکہ یہ وزن بڑھانے اور ذیابیطس کا سبب بھی بن سکتا ہے، اس لیے احتیاط کریں۔

کھجلہ، پھینی اور کچوری:

زیادہ تر رمضان المبارک کے مہینے میں استعمال کی جانے والی، تیل سے لدے ناشتے کی اشیاء کھجلہ، پھینی یا کچوری میں کوئی خاص غذائیت یا صحت کے فوائد نہیں ہوتے۔

چونکہ ان میں کولیسٹرول کی وافر مقدار پائی جاتی ہے اس لیے یہ صحت کے مختلف مسائل پیدا کر سکتے ہیں، جن میں دل کے مسائل، بلڈ پریشر، موٹاپا اور بہت سے دوسرے شامل ہیں۔

کوکیز، بسکٹس وغیرہ

مصنوعی چینی والی اشیاء جیسے کہ بہت سے لوگ ناشتے میں صرف کوکیز یا بسکٹس لیتے ہیں، یہ چیزیں ناشتے کے لیے بالکل مناسب نہیں ہیں۔

زیادہ پروٹین اور کم چینی والے چند صحت مند آپشنز بھی مارکیٹ میں دستیاب ہیں، لیکن ان کی غذائیت کی قیمت معلوم کرنے کے لیے اجزاء کی فہرست لازمی دیکھ لیں۔