کھانسی کا شربت تیار کرنیوالی ایک اور بھارتی کمپنی کا لائسنس معطل

نئی دہلی: بھارت میں کھانسی کا زہریلا شربت تیار کرنے والی ایک اور کمپنی کا لائسنس معطل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو بھارتی حکومت نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ انھوں نے کھانسی کے آلودہ شربت کی نشان دہی ہونے پر ایک اور دوا ساز کمپنی کا لائسنس معطل کر دیا ہے۔

حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ عالمی ادارہ صحت نے اپریل میں مارشل جزائر اور مائیکرونیشیا میں اس بھارتی کمپنی کے تیار کردہ کھانسی کے شربت میں زہر آلود اجزا کی نشان دہی کی تھی۔

گزشتہ سال گیمبیا اور ازبکستان میں 89 بچوں کی اموات کے بعد بھارت میں تیار کردہ کھانسی کے شربتوں کے بارے میں سوال اٹھ رہے ہیں، اور انڈین ریگولیٹرز دوائیں تیار کرنے والی کمپنیوں کا معائنہ کر رہے ہیں، کیوں کہ عالمی سطح پر سستی ادویات فراہم کرنے کے بھارتی امیج کو اس سے شدید نقصان پہنچا ہے۔