نادیہ جمیل کا رضوانہ کیلئے انصاف کا مطالبہ

سماجی کارکن اور اداکارہ نادیہ جمیل نے 14 سالہ گھریلو ملازمہ رضوانہ کےلیے انصاف کا مطالبہ کردیا۔

نادیہ جمیل نے عوام سے رضوانہ کی صحت کےلیے دعا کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ بچی اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہی ہے اور اس پر بدترین تشدد کرنے والی خاتون آزاد گھوم رہی ہے، بچی کو انصاف ملنا چاہیے۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ خدارا غربت کا مقابلہ کرنے کےلیے اپنے بچوں کو استعمال نہیں کریں۔ آپ کے بچوں نے پاکستان کی غربت کا ٹھیکہ نہیں اٹھایا ہوا۔

واضح رہے کہ رضوانہ پر تشدد کا معاملہ 24 جولائی کو سامنے آیا تھا، بچی کی ماں نے جج کی اہلیہ پر تشدد کا الزام لگایا، بچی کو جج کی اہلیہ سے لینے کے بعد جب والدین اسپتال لے کر گئے تو بچی کے سر کے زخم میں کیڑے پڑے ہوئے تھے، دونوں بازو ٹوٹے ہوئے تھے، گردے اور پھیپڑے متاثر تھے، بات نہيں کرسکتی تھی اور خوف کی حالت میں تھی۔

اسلام آباد کے سول جج کی اہلیہ کے مبینہ تشدد کی شکار کم سن گھریلو ملازمہ کی حالت بدستور تشویش ناک ہے، جس کا لاہور کے جنرل اسپتال میں علاج جاری ہے۔

ڈاکٹر الفرید ظفر کا کہنا ہے کہ بچی کے پلیٹ لیٹس کافی کم ہیں، خون کی شدید کمی ہے، ڈاکٹر پلیٹ لیٹس لیول بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں، رضوانہ کو نرم غذا دینا شروع کردی ہے، بچی نے کئی دن بعد خود سے کھانا مانگا ہے، بچی کو ابھی تک آکسیجن لگی ہوئی ہے۔