سلمان خان کو ایک مرتبہ پھر گینگسٹر نے قتل کی دھمکی دے دی

ممبئی: بالی ووڈ سُپر اسٹار سلمان خان کو ایک مرتبہ پھر گینگسٹر گولڈی برار نے قتل کی دھمکی دے دی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سلمان خان کو بدنام زمانہ لارنس بشنوئی گینگ کے سرغنہ گولڈی برار کی جانب سے ایک مرتبہ پھر قتل کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔

سلمان خان نے بگ باس او ٹی ٹی 2کے اُمیدوار ایلوش یادیو کو بگ باس کے گھر میں موجود ساتھی خواتین کے ساتھ بدسلوکی اور بدتمیزی کرنے پر ناراضگی اور غصے کا اظہار کیا تھا۔

ایلوش یادیو کی بےعزتی کرنے اور تنقید کا نشانہ بنانے پر گولڈی برار نے ردِعمل دیتے ہوئے سلمان خان کو قتل کی دھمکی دی ہے۔ سوشل میڈیا پر گولڈی برار کے ٹوئٹ کا اسکرین شاٹ وائرل ہو رہا ہے جس کے بعد سلمان خان کی سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے کئی مرتبہ سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی جا چکی ہے اداکار کو ممبئی پولیس نے وائی لیول سیکیورٹی فراہم کی ہوئی ہے جبکہ ان کے ذاتی گارڈز بھی ان کے ساتھ ہر وقت موجود رہتے ہیں۔