بھارتی سینسر بورڈ کا اکشے کمار کی نئی فلم کو ریلیز کی اجازت دینے سے انکار

 ممبئی: بھارتی سینسر بورڈ نے ایکشن اور کامیڈی اسٹار اکشے کمار کی نئی فلم ’اوہ مائے گاڈ2‘ کو ریلیز کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ 

میڈیا ذرائع کے مطابق سینسر بورڈ نے فلم میں 35 تبدیلیوں کے ساتھ اکشے کمار کے کردار پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس میں تبدیلی لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

فلم ’اوہ مائے گاڈ2‘ کا آفیشل ٹریلر چند دنوں میں ریلیز کردیا جائے گا اور اسے سینسر بورڈ سے اجازت مل گئی ہے لیکن اس موقع پر کوئی تقریب منعقد نہیں کی جائے گی۔

شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کی فلم ’پٹھان‘ اور عالیہ بھٹ کی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کیلئے بھی کوئی ٹریلر لانچ تقریب نہیں ہوئی تھی اور ان ٹریلرز کو براہ راست سوشل میڈیا پر جاری کیا گیا تھا۔

امت رائے کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’اوہ مائے گاڈ2‘ میں اکشے کمار نے ہندو دیوتا شیوا کا کردار ادا کیا ہے اور ان کے ساتھ پنکج ترپاٹھی اور یامی گوتم بھی نظر آئیں گے۔

’اوہ مائے گاڈ2‘ 2012 کے طنزیہ کامیڈی ڈراما بلاک بسٹر کا سیکوئیل ہے جس میں پریش راول نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔