پڑھائی کیئے بیرون ملک جانے کی بجائے شوبز کا انتخاب کیا، حریم فاروق

  کراچی: پاکستان کی نامور اداکارہ حریم فاروق نے شوبز انڈسٹری میں اپنی ابتدائی مشکلات سے پردہ اٹھادیا۔

اداکارہ حریم فاروق نے فوشیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ انکا تعلق ایک خوشحال فیملی سے ہے لیکن جب انہوں نے شوبز میں جانے کا فیصلہ کیا تو والدین نے انہیں تعلیم کیلئے بیرون ملک جانے پر زور دیا۔

حریم فاروق کا کہنا تھا کہ ’’ میں نے اپنے والد کی پڑھنے کیلئے ملک سے باہر بھیجنے کی آفر کو قبول نہیں کیا اور کہا کہ میں اپنی جدوجہد خود کروں گی۔ مجھے پتا نہیں کیا سوجھی اور میں نے اپنے ابا سے کہا کہ میں آپ سے ایک پیسہ بھی نہیں لوں گی جس کے بعد میں کراچی آگئی‘‘۔

اداکارہ نے کراچی میں اپنی ابتدائی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ’’ میرا اس انڈسٹری میں کوئی کنکشن یا جاننے والا نہیں تھا۔
میرے پاس پیسے نہیں ہوتے تھے، میں جس اپارٹمنٹ میں رہتی تھی وہ بہت چھوٹا تھا اور وہاں نہ بجلی تھی نہ پانی تھا۔
میں نے سیٹ پر چھپ کر شاور بھی لیا اور کپڑوں پر استری بھی وہیں کرتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ’’میں سوچتی تھی کہ میں یہ سب کچھ کیوں کررہی ہوں مجھے تو اللہ تعالیٰ نے اتنا کچھ دیا ہے۔

میں روتی تھی اور سوچتی تھی کہ کیا میرے لیے یہ خواب اتنا ضروری ہے۔ کبھی کبھار ٹوٹ جاتی تھی لیکن اپنے والدین کو ان مشکلات کے بارے میں نہیں بتایا‘‘۔

حریم فاروق نے کہا کہ ’’تمام تر مشکلات کے باوجود مجھے خدا پر یقین تھا کہ اگر آج میری زندگی میں اندھیرا ہے تو کل روشنی بھی ہوگی۔ مجھے ایک چیز پتا تھی کہ میرا جذبہ سچا ہے، میرے دل میں سچائی ہے اور میں محنت کرنے کیلئے تیار ہوں‘‘۔