سیما نے ’را ایجنٹ‘ بننے کا فیصلہ کرلیا

آن لائن گیم پب جی پر دوستی اور محبت کے بعد 4 بچوں کے ہمراہ بھارت جانے والی سیما اصل زندگی میں ’آئی ایس آئی ایجنٹ‘ تو ثابت نہ ہوئیں لیکن اب انہیں بھارتی خفیہ ایجنسی کے افسر کے روپ میں دیکھا جائے گا۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق جانی فائر فاکس پروڈکشن ہاؤس کی ایک ٹیم نے گریٹر نوئیڈا میں سیما حیدر سے ملاقات کی اوراپنی آنے والی فلم ’اے ٹیلر مرڈر اسٹوری‘ کے لیے آڈیشن لیا۔

نیپال کے راستے غیر قانونی طور پر بھارت میں داخل ہونے والی سیما پرآئی ایس آئی ایجنٹ ہونے کا شبہ تھا جو تفتیش میں ثابت نہ ہوا، اطلاعات ہیں کہ سیما اس فلم میں را افسر کا کردار ادا کریں گی۔

سیما نے سچن کے ہمراہ ہدایت کاروں جینت سنہا اور بھرت سنگھ سے بھی ملاقات کی۔

چند روز قبل ایک ویڈیو میں سیما حیدر اور سچن مینا کو اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا میں ایک نئے گھر میں منتقل ہونے کے بعد مشکلات کا سامنا کرتے دکھایا گیا تھا۔

اس جوڑے نے دعویٰ کیا تھا ہ وہ اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے بہت جدوجہد کر رہے ہیں کیونکہ انہیں کھانے اور دیگر ضروری اشیاء کی قلت کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ 31 سالہ سیما کو گریٹر نوئیڈا کے علاقے ربو پورہ میں رہنے والے 22 سالہ بھارتی شخص سچن مینا سےکورونا وائرس کی وبا کے دوران پب جی کھیلتے ہوئے محبت ہوگئی تھی۔

سیما سچن کے ساتھ رہنے کے لئے پاکستان چھوڑکر نیپال کے راستے غیر قانونی طور پربھارت میں داخل ہوئی تھیں۔

مارچ 2023 میں سچن سے نیپال میں پہلی ملاقات کرنے والی سیما کے ہندو مذہب اختیار کرنے کے بعد دونوں نے مبینہ طور پر ہندو رسم و رواج کے مطابق شادی کی۔ اس کے بعد پاکستان واپس جا کر سیما بچوں کے ہمراہ دوبارہ نیپال گئیں اور 13 مئی کو نیپال کے راستے بھارت میں داخل ہوئی تھیں۔

سیما کو غیرقانونی طور پر بھارت میں داخل ہونے کے الزام میں 4 جولائی کو گرفتار کیا گیا تھا پناہ فراہم کرنے پر سچن اور اس کے والد کو حراست میں لیا گیا تھا، تاہم کچھ دنوں بعد تینوں کوضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔ بھارتی ایجنسیاں تاحال اس جوڑے سے پوچھ تاچھ کر رہی ہیں۔

سیما کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان واپس نہیں جانا چاہتیں اور سچن کے ساتھ رہنا چاہتی ہیں