ٹیلر سوئفٹ نے 50ٹرک ڈرائیورز پر لاکھوں ڈالرز کی برسات کردی، وجہ کیا تھی؟

نیویارک: عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے اپنے گرینڈ میوزک ٹور کا سازو سامان منتقل کرنے والے 50 ٹرک ڈرائیورز پر لاکھوں ڈالرز کی برسات کر دی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق حال ہی میں اپنے کنسرٹ کے ساؤنڈ سسٹم کی وجہ سے امریکا کے شہر سیٹل میں 2.3 شدت کے زلزلے کی وجہ بننے والی ٹیلر سوئفٹ ایک مرتبہ پھر سُرخیوں کا حصہ بنی ہوئی ہیں۔

گلوکارہ نے امریکہ میں میوزک ٹور کے دوران اپنے سامان کی ایک جگہ سے دوسری جگہ باحفاظت منتقلی پر 50 ٹرک ڈرائیورز کو 5 ملین ڈالرز کا بونس دے دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گلوکارہ نے اپنے اس ملک گیر کنسرٹس سے 1 بلین ڈالرز سے زیادہ کا بزنس کیا تھا یہی وجہ ہے کہ انہوں نے کمائی ہوئی رقم دل کھول کر اپنی ٹیم میں بھی تقسیم کی ہے۔

ٹیلر نے ٹرک ڈرائیورز کو بونس دینے کے علاوہ اپنے بینڈ کے اراکین، ڈانسرز، لائٹنگ اور ساؤنڈ ٹیکنیشنز اور دیگر عملے کو بھی کام کے معاوضے کے علاوہ بونس دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر بھی ٹیلر سوئفٹ کے خوب چرچے ہورہے ہیں اور مداح گلوکارہ کے اس عمل پر انہیں خوب سراہ رہے ہیں۔