بالی ووڈ اداکارہ بپاشا باسو نے دل دہلا دینے والا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی بیٹی ”دیوی“ کی پیدائش کے تیسرے دن انہیں پتہ چلا کہ اس کے دل میں دو سوراخ ہیں۔ یہ خبر سناتے ہوئے وہ بے ساختہ روپڑیں۔
نومبر 2022 میں، شادی کے چھ سال بعد، اداکارہ بپاشا باسو اور اداکار کرن سنگھ گروورکے گھر پہلی بیٹی پیدا ہوئی تھی۔
اداکارہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پراپنی بیٹی کی پیدائش کا اعلان کیا تھا۔
اداکارہ نے حال ہی میں نیہا دھوپیا کے ایک ڈیجیٹل انٹرویو میں شرکت ، جہاں انہوں نے اپنی بیٹی کے دل کے سوراخ اور اس کے بعد ہونے والی سرجری کے بارے میں بات کی تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں کو بیٹی کی پیدائش کے تین دن بعد پتہ چلا تھا کہ ان کی اولاد کے دل میں دو سوراخ ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ دیوی کی پیدائش کے بعد کے پہلے پانچ مہینے ہمارے لیے بہت مشکل تھے، ڈاکٹروں نے ہمیں مشورہ دیا کہ بچے کے دل کے سوراخ کو چیک کرنے کے لیے ہر ماہ اسکین کروائیں کہ آیا یہ قدرتی طور پر ٹھیک ہو رہا ہے یا نہیں۔
لیکن دیوی کے دل کے بڑے سوراخ کی وجہ سے ڈاکٹر ہمیں خبردار کر رہے تھے کہ یہ تشویشناک ہے اور ہمیں تین ماہ میں سرجری کی ضرورت ہوگی۔
بالی ووڈ سپر اسٹار نے جذباتی ہوتے ہوئے بتایا کہ اتنی کم عمر میں سرجری کا سن کر میں اور کرن پریشان ہوگئے تھے، مجھے یقین تھا میری بیٹی ٹھیک ہو جائے گی اور وہ ٹھیک ہوگئی لیکن فیصلہ مشکل تھا۔