لاہور:وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کیلئے آگاہی مہم بہت ضروری ہے، اس کی روک تھام کیلئے وفاق صوبوں کوفنڈزبھی فراہم کریگا۔وزیر اعظم نے کڈنی اینڈ لیورانسٹی ٹیوٹ یونیورسٹی کاسنگ بنیاد رکھ دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پی کے ایل آئی نے 2015میں اپنے سفرکا آغاز کیا تھا اور 2018میں اس کی تکمیل ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر سعیداختر نے پی کے یل آئی کیلئے شبانہ روزمحنت کی، انہی کی سربراہی میں پاکستان میں لیورٹرانسپلانٹ کا آغازہوا۔
انہوں نے کہا کہ مریضوں کیلئے پی کے آئی ایل ایک امیدکی کرن ہے جہاں امیراورغریب کی تفریق کے بغیرعلاج کیاجاتا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پی کے ایل آئی کوجدیدخطوط پرعالمی معیارکے مطابق بنایا گیا ہے جہاں ڈاکٹرزاورعملہ بہترین خدمات انجام د ے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی کے ایل آئی ٹرسٹ فنڈ میں 15ارب روپے اکٹھے ہوگئے ہیں، مخیرحضرات بھی فنڈزاورادویات ادارے کوفراہم کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یونیورسٹی کا قیام ایک بہت بڑا منصوبہ ہے جس کا مقصد مریضوں کوبہترین خدمات فراہم کرناہے۔
انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کیلیے آگاہی مہم بہت ضروری ہے، اس کی روک تھام کیلیے وفاق صوبوں کوفنڈزبھی فراہم کریگا۔