انسان کے ورک آؤٹ کا وقت آپ کی ورزش کو کئی طریقوں سے متاثر کر سکتا ہے لیکن انفرادی ترجیحات اور حالات کے لحاظ سے اس کی اہمیت مختلف ہو سکتی ہے۔
ہر شخص کے جسم میں مختلف انرجی لیولز ہوتے ہیں جو اس بات پر منحصر کرتے ہیں کہ انسان کتنی نیند لیتا ہے، اس کی خوراک میں کیا شامل ہے وغیرہ، بہت سے افراد کو علم ہوتا ہے کہ دن کے کس وقت وہ خود کو پرجوش محسوس کررہے ہوتے ہیں۔
دن میں ایسے وقت کا انتخاب کرنا جب آپ سب سے زیادہ توانا محسوس کریں آپ کی ورزش کی کارکردگی کو بڑھا سکتا ہے، کوشش کریں کہ آپ دن میں ایک ہی وقت کو منتخب کریں اور روزانہ اسی وقت ورک آؤٹ کریں۔
آئیے جانتے ہیں ماہرین کے مطابق دن کے وہ 6 کون سے اوقات ہیں جو ورک آؤٹ کے لیے بہترین سمجھے جاتے ہیں۔
1) صبح سویرے (6-9 AM)
دن کا آغاز ورزش سے کرنے والے افراد کے لیے یہ وقت بہترین ہے، اس وقت ورک آؤٹ کرنے سے ناصرف میٹابولزم بہتر ہوتا ہے بلکہ پورے دن کے لیے توانائی ملتی ہے اور اس وقت ورزش سے وزن میں کمی کا زیادہ امکان ہوتے ہیں۔
2) صبح 10-11 AM
ٰیہ وقت ان لوگوں کے لیے اچھا ہے جو ذرا دیر سے دن کی شروعات کرنا پسند کرتے ہیں۔
یہ ورک آؤٹ کرنے کا بہترین وقت تصور کیا جاتا ہے۔ اس وقت تک آپ کا جسم گورک آؤٹ کے لیے تیار ہوتا ہے، لچک بہتر ہوتی ہے، اور پٹھوں کی طاقت بڑھ جاتی ہے، جس سے چوٹ لگنے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
3) دوپہر کے کھانے کا وقت (12-2 بجے)
کچھ لوگ اپنے لنچ بریک کے دوران ورزش کرنا آسان اور بہتر سمجھتے ہیں۔
یہ وقت ناصرف جسم کی چربی کم کرنے کے لیے بہترین ہے بلکہ ذہنی تناؤ کم کرنے اور باقی دن کے لیے مجموعی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے میں مدد کر سکتا ہے۔
4) دوپہر 3-5 PM
یہ وقت بھی ورک آؤٹ کرنے کے لیے بہترین ہے، اگر آپ اپنا ورک آؤٹ 3 بجے شروع کرنے والے ہیں تو کوشش کریں دوپہر کا کھانا 2 بجے کھا لیں، ورک آؤٹ اور کھانے کے درمیان ایک گھنٹے کا وقفہ ہونا لازمی ہے۔
5) شام 5-7 بجے کا وقت
بہت سے لوگ شام میں ورزش کرنا اچھا سمجھتے ہیں، کام سے فارغ ہوکر اپنے دماغ کو پرسکون رکھنے کے لیے یہ وقت بہتر ہوتا ہے۔
6) رات 7-10 PM
یہ وقت ان لوگوں کے لیے ہے جو سونے کے وقت کے قریب ورزش کو ترجیح دیتے ہیں، یہ ایک اچھا آپشن ہے۔
تاہم، یہ بات اہم ہے کہ ورزش اور نیند کے درمیان کچھ وقت (تقریباً ایک گھنٹہ) دیا جائے تاکہ سونے سے پہلے جسم ٹھنڈا ہو جائے۔