عالیہ بھٹ نے ایک ہفتے میں دو بار شادی کی، کرن جوہر کا انکشاف

بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار کرن جوہر نے انکشاف کیا ہے کہ اداکارہ عالیہ بھٹ نے گزشتہ برس ایک ہفتے کے دوران دو بار شادی کی۔ کرن جوہر کے اس انکشاف کے بعد اداکارہ عالیہ بھٹ کی نئی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کے ایک شادی کے سین میں دکھائی گئی مہندی پر تنازع کھڑا ہوگیا۔

ہدایت کار کرن جوہر نے حال ہی میں فلم کے گانے ’کڈمائی‘ کی لانچنگ کی تقریب میں گانے کے حوالے سے انکشاف کیا کہ گانے میں شادی کے جو مناظر ہیں وہ عالیہ بھٹ کی اداکار رنبیر کپور کے ہمراہ حقیقی شادی کے 4 دن بعد شوٹ کیے گئے تھے، اس طرح عالیہ نے ایک ہفتے کے دوران دو بار شادی کی، یہ ہی وجہ ہے کہ اس گانے میں عالیہ کے ہاتھوں پر جو مہندی ہے وہ عالیہ کی شادی کی مہندی ہے جسے ہم نے گہرا کروایا تھا۔

ہدایت کار کرن جوہر کے اس انکشاف کے بعد بالی ووڈ کی معروف مہندی ڈیزائنر ’وینا ناگڈا‘ نے کرن جوہر کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر طویل پوسٹ شیئر کرتے ہوئے واضح کیا کہ انہوں نے عالیہ بھٹ کی مہندی کو صرف گہرا نہیں کیا بلکہ اس میں کچھ تبدیلیاں بھی کی تھیں جس کا انہیں کریڈٹ نہیں دیا گیا۔

خیال رہے کہ حال ہی میں اداکارہ عالیہ بھٹ اور اداکار رنویر سنگھ کی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ ریلیز ہوئی ہے، جس کے شوٹنگ گزشتہ برس مکمل کی گئی تھے۔