ممبئی: بالی وڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے مداحوں کیلئے بری خبر سامنے آگئی، فلمساز فرحان اختر نے باضابطہ طور پر اعلان کردیا کہ ’ڈان3‘ میں کنگ خان موجود نہیں ہوں گے۔
فرحان اختر نے ٹویٹر پر ڈان فرنچائز کے متعلق اعلان لگایا اور بتایا کہ امیتابھ بچن سے شروع ہونے والی ڈان فلم کی وراثت شاہ رخ خان تک پہنچی اور اب اسے آگے بڑھانے کا وقت آگیا ہے۔
فرحان اختر نے 1978 میں ریلیز ہونے والی امیتابھ بچن کی بلاک بسٹر فلم ’ڈان‘ کے کردار کو دوبارہ زندگی بخشی اور شاہ رخ خان کے ساتھ 2006 میں ’ڈان‘ کو ریلیز کیا۔
’ڈان‘ میں 1978 والی اسٹوری لائن کو باقی رکھا گیا اور شاہ رخ کے ساتھ پریانکا چوپڑا نے کردار ادا کیا اور کنگ خان نے اپنے کردار کے ساتھ بھرپور انصاف کیا جسے بڑے پیمانے پر پسند کیا گیا۔
’ڈان2‘ 2011 میں ریلیز ہوئی اور اب ایک دہائی کے بعد فرحان اختر نے ’ڈان3‘ بنانے کا اعلان کیا ہے اور اس میں رنویر سنگھ ڈان کا مشہور کردار نبھائیں گے۔
شاہ رخ خان کے مداحوں کو یہ اعلان پسند نہیں آیا اور وہ رنویر سنگھ کو ڈان کی صورت میں نہیں دیکھنا چاہتے، بعض صارفین نے لکھا کہ شاہ رخ خان کے نکلنے سے ڈان فرنچائز کی اہمیت ختم ہوگئی ہے۔