آج کیا پکائیں۔۔ وہ سوال جو روز آپ کا دماغ ’پکا‘ دیتا ہے

آج کھانے میں کیا پکائیں؟، یہ وہ سوال ہے جس کے ذہن میں آتے ہی گھروں کی خواتین ایک عجیب کشمکش میں مبتلا ہوجاتی ہیں۔

کھانا نہ صرف اب بنیادی ضرورت ہے بلکہ اکثر لوگ تو اس کیفیت کو ”فوڈ کومہ“ کا نام دے دیتےہیں کیونکہ وہ ہر روز کچھ نیا اور لذیذ کھانا چاہتے ہیں۔

خود کھانا پکانا یا ملازمین سے پکوانا خاتونِ خانہ کی ہی ذمہ داری ہوتی ہے، اور ایسا کھانا جو گھر کے سب ہی افراد کھالیں، کسی امتحان سے کم نہیں۔

جب گھر کے مرد حضرات سے سوال کیا جاتا ہے کہ ’آج کیا بنائیں؟‘ تو جواب ملتا ہے، ’کچھ بھی بنا لو‘، لیکن خود وہ ’منہ ہی بناتے ہیں‘۔

ذیل میں اس سوال سے عاجز خواتین کیلئے چند تجاویز دی گئی ہیں جن کو بروئے کار لاتے ہوئے وہ اس مشکل سے نکل سکتی ہیں۔

کھانے کا شیڈول ترتیب دیں

ہفتے کے 7 دِنوں پر مشتمل ایک شیڈول ترتیب دیں۔

اس میں آپ ایک دن کوئی سبزی، دوسرے دن چکن، تیسرے دن دال، چوتھے دن چاول کی کوئی ڈش، پانچویں دن مچھلی، چھٹے دن گوشت اور ویک اینڈ پر کوئی فرمائشی ڈش کا مینیو مقرر کردیں۔

بچوں کو کھانا کھانے پر کیسے رضامند کریں؟

آج کے اس دور میں شاید ہی کوئی ایسا گھر ہو جہاں خصوصاً کھانا پکاتے ہوئے بچوں کی پسند کو مدِ نظرنہ رکھا جاتا ہو۔

بچوں کیلئے غذائیت سے بھرپور کھانا لازمی ہے، مہنگائی کے اس دور میں اگر آپ کے بچے سبزیوں کے شوقین نہیں تو آپ سبزی کو چکن کے ساتھ بنا سکتے ہیں، چکن کی وجہ سے بچے شوق سے وہ سبزی کھالیں گے۔

گھر کے مرد حضرات کی پسند کے کھانے

اگر آپ کے گھر بھی مرد حضرات روز ایک ہی طرح کی ڈش کھانے سے اُکتا جاتے ہیں تو آپ کبھی گوشت کو دال کے ساتھ بنالیں، گوشت کے ساتھ کوئی سبزی بنالیں اور پھر مرد حضرات سے ’واہ وا‘ سمیٹیں۔

کمر توڑ مہنگائی کے اس دور میں آپ ترتیب کردہ شیڈول با آسانی فالو کر سکتی ہیں کیونکہ یہ آپ کی جیب پرکم بھاری پڑے گا اورساتھ ہی ’کیا پکائیں‘ کی مشکل سے بھی آزاد ہوجائیں گی۔