بھارتی کھانسی کے شربت میں زہریلے اجزاء پائے جانے پر الرٹ جاری

عالمی ادارہ صحت نے بھارتی کمپنی کی جانب سے تیار کردہ کھانسی کے سیرپ پر الرٹ جاری کردیا، جس میں کہا سیرپ میں شامل زہریلے اجزاء موت کا سبب بن سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے عراق میں بھارت کی فراہم کردہ دواؤں پر الرٹ جاری کردیا۔

ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے بھارتی کمپنی کا ’کولڈ آؤٹ’ سیرپ غیرمعیاری ہے، بھارتی سیرپ میں ڈائی ایتھلین، گلائی کول اور ایتھلین گلائیکول کی حدسے زیادہ مقدار پائی گئی۔

ڈبلیوایچ او نے بتایا کہ دونوں زہریلے اجزاء کا استعمال موت کا سبب بن سکتے ہیں، افریقا اورمشرق وسطیٰ کے کئی ممالک میں بھارتی سیرپ کی وجہ سے سیکڑوں بچے ہلاک ہوچکے ہیں۔

یاد رہے عراق میں بھارت سے درآمد شدہ کھانسی کے شربت میں زہریلے اجزا کا انکشاف سامنے آیا تھا، امریکی جریدے بلوم برگ نے بتایا بغداد سے بچوں کے سیرپ کی ایک بوتل خریدی گئی، جس میں دو اعشاریہ ایک فیصد ایتھیلین گلائکول کی موجودگی پائی گئی۔

بلوم برگ نے ڈبلیو ایچ او، عراقی اور بھارتی حکام کے ساتھ ٹیسٹ کے نتائج کا تبادلہ کیا ہے، اس سے پہلے گیمبیا اورازبکستان میں بھارت کے کھانسی کے سیرپ سے سیکڑوں بچوں کی اموات ہوچکی ہیں۔