پولیس کانسٹیبل نے 40موٹر سائیکلیں چور ی کرلیں

لاہور میں پولیس کانسٹیبل نے تھانے کے باہرکھڑی 40 موٹر سائیکلیں چوری کر لیں، پولیس نے اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کردیا۔

پولیس کے مطابق چوری شدہ یا چھینی گئی 40 موٹرسائیکلیں برآمد کر کے تھانہ ڈیفنس سی کے باہر کھڑی کی گئی تھیں، جہاں سے انہیں چوری کر لیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق کانسٹیبل الیاس نے کباڑیے اکرم کے ساتھ مل کر تھانہ ڈیفنس سی کے باہر کھڑی موٹرسائیکلوں کی چوری کی واردات کی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہربنس پورہ گودام سے چوری شدہ موٹرسائیکلیں برآمد کر کے، کانسٹیبل الیاس اور اکرم کباڑیے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق کانسٹیبل الیاس کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جارہی ہے۔