رجنی کانت کی فلم ’جیلر‘ نے پہلے دن کتنا بزنس کیا؟

تامل فلم انڈسٹری کے سُپر اسٹار رجنی کانت کی فلم ’جیلر‘ کے ساتھ دو برس بعد بڑے پردے پر واپسی ہوگئی، فلم نے پہلے ہی دن تامل ناڈو میں تقریباً 24 جبکہ بین الاقوامی سطح پر 72 کروڑ روپے کا بزنس کر لیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تامل فلم انڈسٹری کے سُپر اسٹار رجنی کانت کی نئی فلم ’جیلر‘ دنیا بھر کے مختلف سینما گھروں میں گزشتہ روز ریلیز ہوئی۔

لیجنڈری اداکار رجنی کانت کی دو برس بعد پردے پر واپسی کے باعث اس فلم کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار تھا۔ فلم نے ریلیز ہوتے ہی مداحوں کے دل جیت لیے۔ 

فلم میں اداکار رجنی کانت کے ساتھ اداکار جیکی شروف اور خُوبرو اداکارہ تمنا بھاٹیا بھی اہم کرداروں میں نظر آرہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم  کو تامل زبان میں مقامی سطح پر ریلیز کیا گیا ہے جبکہ اس کا ہندی زبان میں ڈب ورژن ریلیز کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پابندی کے باوجود نیلسن دلیپ کمار کی ہدایتکاری میں بننے والی یہ فلم پہلے روز ہی صرف تامل ناڈو میں تقریباً 24 کروڑ جبکہ مقامی سطح پر 52 کروڑ کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوئی۔ 

اس کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر بھی اس فلم نے کامیابی کے جھنڈے گاڑتے ہوئے 72 کروڑ روپے کما لیے۔

یاد رہے کہ تامل تاڈو میں تھلائیوا سے پہچانے جانے والے، رجنی کانت کی 200 کروڑ کی لاگت سے بننے والی اس فلم کی ریلیز پر تامل ناڈو اور کرناٹک میں 2 بڑی کمپنیوں نے عام تعطیل کے ساتھ فلم کے مفت ٹکٹ دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔