ماہرہ خان کی اگلے ماہ شادی سے متعلق خبریں زیر گردش

پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوب رو میزبان و اداکارہ ماہرہ خان کے حوالے سے خبریں گردش کر رہی ہیں کہ وہ اگلے ماہ اپنے دیرینہ دوست سلیم کریم کے ہمراہ شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔

مختلف سوشل میڈیا پیجز پر اداکارہ کی بزنس مین سلیم کریم کے ہمراہ دوسری شادی کی خبریں گزشتہ روز سے گردش کر رہی ہیں۔

سوشل میڈیا ذرائع کے مطابق اداکارہ کی شادی کی تقریب کا اہتمام اگلے ماہ ستمبر میں پنجاب کے معروف ہل اسٹیشن پر قریبی رشتہ داروں اور دوست احباب کی موجودگی میں کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اداکارہ کی شادی کی خریں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں بلکہ چار سال قبل بھی ماہرہ خان اور سلیم کریم کی ترکی میں منگنی کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

تاہم بعدازاں اس حوالے سے ماہرہ خان نے وضاحت پیش کرتے ہوئے گردشی خبروں کی تردید کردی تھی۔

واضح رہے کہ ماہر ہ خان کی پہلی شادی 2007 میں علی عسکری کے ساتھ ہوئی تھی جو2015 میں علیحدگی پر ختم ہوئی، اداکارہ کا پہلی شادی سے ایک بیٹا اذالان ہے۔