مالاکنڈ میں جائیداد کے تنازعے پر ماں دو بیٹوں سمیت قتل

سخاکوٹ میں جائیداد کے تنازع پر مخالفین نے فائرنگ کرکے خاتون اور اس کے دو بیٹوں کو قتل کردیا، جب کہ لواحقین نے لاشیں جی ٹی روڈ پر رکھ کر احتجاج شروع کردیا ہے۔

مالاکنڈ کے علاقے غاور کلے سخاکوٹ میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے خاتون اور اس کے دوبیٹوں کو قتل کردیا اور واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق مقتولین اور ملزمان آپس میں قریبی رشتہ دار ہیں اور کافی عرصے سے فریقین کے مابین جائیداد کا تنازع چل رہا تھا۔

دوسری جانب مقتولین کے لواحقین نے لاشیں جی ٹی روڈ پر رکھ کر احتجاج شروع کردیا ہے، جس کے باعث شہر کی مرکزی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ہوگئی ہے اور شدید گرمی کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

لواحقین کا کہنا ہے کہ جب تک ملزمان گرفتار اور ان کے گھر مسمار نہیں ہوتے روڈ ہر قسم کے ٹریفک کے لئے بند رہے گا۔ انتظامیہ اور مظاہرین کے مابین مذاکرات جاری ہیں۔