علیزے شاہ کا مبینہ تشدد کے الزامات پر رد عمل سامنے آگیا

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ علیزے شاہ نے ساتھی اداکارہ منسا ملک کی جانب سے عائد کئے جانے والے الزامات پر رد عمل دے دیا۔

یاد رہے کہ معروف اداکارہ علیزے شاہ کے خلاف ان کی ساتھی اداکارہ منسا ملک کی جانب سے مبینہ طور پر تشدد اور دھمکیاں دینے پر قانونی کارروائی کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

منسا ملک کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ علیزے شاہ نے ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کی کوشش کی اور ان کی طرف جلتا ہوا سگریٹ پھینکا جبکہ انہیں کمرے میں جانے کے بعد جوتیوں کے ساتھ مارا۔

آج علیزے شاہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے اکاؤنٹ سے ایک بلاگر عائشہ جہانگیر ملک کی اسٹوری شیئر کی ہے جو واقعہ کی عینی شاہد ہیں۔

عائشہ جہانگیر کے مطابق منسا ملک نے سب سے پہلے علیزے شاہ کو تھپڑ مارا جس کے بعد جھگڑا بڑھ گیا۔

عائشہ جہانگیر نے لکھا کہ حقیقت میں اس دوسری خاتون نے علیزے کو پہلے تھپڑ مارا اور جسمانی تشدد کا آغاز کیا، عملہ اور ساتھی فنکار علیزے کے ساتھ ہیں ، یہ واقعہ شام 6 بجے کے قریب پیش آیا تھا اور علیزے اپنی شوٹنگ مکمل کرنے کے بعد رات 12 بجے تک سیٹ سے باہر نہیں نکلی تھیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اس لیے میرا مشورہ ہے کہ سوشل میڈیا پر جو کچھ آپ لوگ دیکھتے ہیں اس پر پہلے دوسرے کا موقف سنے بغیر یقین نہ کریں۔

علیزے شاہ نے عائشہ جہانگیر ملک کی اسٹوری شیئر کرتے ہوئے کیپشن لکھا کہ ’‘ سچ کبھی چھپتا نہیں ’‘۔