جڑانوالہ میں بے حرمتی قرآن کے دونوں ملزمان گرفتار

جڑانوالہ میں توہین قرآن مجید کے واقعے کی تحقیقات میں بڑی پیشرفت سامنے آگئی، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ دونوں مرکزی ملزمان اس وقت سی ٹی ڈی کی تحویل میں ہیں۔

محسن نقوی نے ایکس ( سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان میں جہاں جڑانوالہ واقعے میں ملوث دونوں مرکزی ملزمان کی گرفتاری کی تصدیق کی بلکہ ساتھ ہی چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب کی انتھک کاوشوں کو سراہا۔

یاد رہے کہ پنجاب کے شہر جڑانوالہ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے الزامات پر کشیدگی پیدا ہوئی، جس کی بڑی وجہ یہ بتائی گئی کہ پولیس نے قرآن پاک کی بے حرمتی میں ملوث دو مرکزی کرداروں کے خلاف ایف آئی آر تو درج کی لیکن ان کے خلاف کارروائی نہیں کی، تاہم اب نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے دونوں مرکزی ملزمان کی گرفتاری اس حساس معاملے میں بڑی پیشرفت تصویر کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کی خبر پھیلی تو لوگ سڑکوں پر نکل آئے ، اس دوران مشتعل افراد نے چرچ اور مسیحی برادی کے چند گھروں کو آگ لگائی، واقعے کے بعد شہر کے حالات کشیدہ ہوئے۔

محسن نقوی نے ایکس ( سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان میں مزید کہا کہ وزیر اعظم کی غیر متزلزل تشویش نے ہماری رہنمائی کی، جس نے تیزی سے گرفتاری کے عمل کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے ہماری ٹیم پر جو اعتماد کیا، اس کے لئے شکر گزار ہوں۔