جوان شاہ رخ خان کی اب تک کی مہنگی ترین فلم بن گئی

ممبئی: بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی میگا تھرل ایکشن فلم ’جوان‘ کی ریلیز قریب آرہی ہے اور مداحوں کا جوش و خروش بڑھتا جارہا ہے۔ 

جولائی میں فلم کے مختصر ٹیزر کی ریلیز کے بعد فلمی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ کنگ خان کی نئی فلم بلاک بسٹر ’پٹھان‘ کو بھی پیچھے چھوڑ سکتی ہے۔

بھارتی میڈیا ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ’جوان‘ اداکار کے شوبز کیریئر کی سب سے مہنگی فلم بن گئی ہے اور اس کا بجٹ 300  کروڑ تک پہنچ گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شاہ رخ خان اور فلمساز ایٹلی بڑے بجٹ کے ساتھ فلمی شائقین کو سینما اسکرین پر بڑا ایکشن دکھانے کیلئے پرعزم تھے اسی لئے بجٹ کو محدود نہیں کیا گیا۔

اداکار کو علم تھا کہ ’پٹھان‘ انڈین باکس آفس کو بحرانی کیفیت سے نکال دے گی اور وہ نئی فلم کو ’پٹھان‘ سے بھی زیادہ کامیاب دیکھنا چاہتے تھے۔

فلم میں دھماکے دار ایکشن مناظر کی شوٹنگ کیلئے گرین اسکرین کے بجائے بڑے سیٹس بنائے گئے تاکہ شائقین کو حقیقی مناظر دیکھنے کو ملیں۔

ایکشن اور میگا تھرلر 7 ستمبر کو ریلیز کیلئے پیش کی جائے گی اور اس میں دیپیکا پڈوکون کومیو جھلک بھی دکھائیں گی۔