سامعہ خان پاکستان میں گلیمرس آسٹرالوجر کے طور پر پہچانی جاتی ہیں , وہ ستاروں کے چال چلن بتانے کے لئے ہی نہیں بلکہ اپنی منفرد سٹائلنگ کی وجہ سے بھی خواتین میں خاصی مقبولیت حاصل کر چکی ہیں۔
اکثر لوگوں کا خیال ہے کہ وہ پروگرام اینکرز سے بھی زیادہ سٹائلش ملبوسات پہنتی ہیں اور انہیں کیری کرنے کا سلیقہ بھی خوب جانتی ہی۔ یہ حقیقت ہے کہ وہ جتنی محنت ستاروں کا حال بتانے میں کرتی ہیں،اتنی ہی محنت ٹی وی پرخوبصورت نظرآنے کے لئے بھی کرتی ہیں۔
“سکرین پر خوش شکل اور پُرکشش نظرآنااس شعبے کی اولین ضرورت ہے اور میں تو بس اپنے کام سے انصاف کرنے کی کوشش کرتی ہوں۔ میں ریکارڈنگ کے دنوں میں روزانہ رات کو فل ڈریس ریہرسل کرکے دیکھتی ہوں کہ سکرین پر کس ڈریس کو کیسے کیری کیاجائے، بال کیسے بنے ہوں وغیرہ وغیرہ.آپ کویہ جان کر حیرت ہوگی کہ میں سپانسرڈکپڑے نہیں پہنتی لہٰذا کپڑے ہوں،جوتے یا جیولری.سبھی خوداپنی مرضی سے خریدتی ہوں۔
میں سمجھتی ہوں ہر لباس کا خاص پروٹوکول ہوتا ہے اس لئے اگر آپ حجاب بھی پہنیں تو اس کے ساتھ بھی انصاف کریں اوراچھے سے اپنے آپ کو کَورکریں۔ مہنگے اور ڈیزائنر کپڑے تو کوئی بھی خرید کرپہن سکتا ہے مگر انہیں کیری کرنے کا اندازہر ایک کامختلف ہوتاہے۔ کپڑوں کے لئے چند مخصوص جگہیں منتخب کر رکھی ہیں باقی سب کچھ جہاں سے اچھا مل جائے لے لیتی ہوں میں اکثر کہتی ہوں جہاں سے مجھے میری مرضی کی چیزیں ملتی ہیں اللہ خودبخودمجھے وہاں پہنچادیتا ہے۔ویسے میں بہت احتیاط سے چیزیں استعمال کرتی ہوں،ایک دن ایک کولیگ میرے جوتوں کو دیکھ کر کہنے لگی کہ’آپ کے جوتے مجھے بہت پسند آتے ہیں،آپ کہاں سے خریدتی ہیں؟’میں نے اسے بتایاکہ اس جوتے کی عمر تمہاری عمر جتنی ہوگی تووہ خاصی حیران رہ گئی۔
سامعہ خان کے بیوٹی سیکرٹس
اکثر لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں آپ ٹی وی پر یہ کیوں کہتی ہیں اب آپ کی عمر نہیں رہی،اب یہ نہیں ہوتا،وہ نہیں ہوتا , حالانکہ آپ تو بہت ینگ اور فریش نظر آتی ہیں۔میں جواباًمسکراتی ہوں اور کہتی ہوں کہ عورت کی عمر وہ ہے جو نظرآتی ہے (اور یہی نظر کا دھوکہ ہے) دراصل عمر کو روکنا آپ کے اپنے ہاتھ میں ہے۔
میراسب سے بڑا بیوٹی سیکرٹ یہی ہے کہ ہمیشہ مسکرائیں، خوش رہیں اور مثبت سوچیں کیونکہ خوبصورت اورمثبت سوچ چہرے کو بھی خوبصورت بنا دیتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چہرے پر جھریاں ا ور لائنیں جلد نمایاں نہیں ہوتیں اور آپ لمبے عرصے تک اپنی عمر چھپا سکتی ہیں۔ ویسے سکرین پر کم عمر لگنے کا ایک راز یہ بھی ہے کہ میں ہمیشہ سے کھِلے کھِلے،شوخ اور چنچل رنگ پہنتی ہوں۔ویسے بھی رنگ ہمارے مزاج پر بہت گہرا اثر ڈالتے ہیں اس لئے میں ہر چیلنج کا پُرجوش انداز میں سامنا کرتی ہوں۔ میں نے دیکھا ہے جو لوگ بالکل ہلکے رنگ پہنتے ہیں وہ ہمہ وقت سوچوں اور پریشانیوں سے گھِرے رہتے ہیں۔میں بھی جب ہلکے رنگوں کے کپڑے پہنتی ہوں تو انہیں بھاری جیولری سے سجالیتی ہوں تاکہ سکرین پراچھی لگوں۔
سامعہ خان کی تروتازہ اور صاف شفاف جلد
اللہ کا کرم ہے کہ میری جلد صاف ستھری اور بے داغ ہے۔ یہ بھی سچ ہے کہ میں مہنگے بیوٹی ٹریٹمنٹس نہیں کرواتی اور نہ ہی مہنگی کریمیں لگاتی ہوں۔ میں چہرے کی خوبصورتی کوبرقراررکھنے کے لئے زیتون کا تیل استعمال کرتی ہوں۔ چہرے،ہاتھوں اورپاؤں کی موئسچرائزنگ اور کلینزنگ کے لئے رات کو اولیوآئل سے مساج کرتی ہوں حتیٰ کہ میک اپ صاف کرنے کے لئے بھی مہنگے برانڈڈ کلینزراستعمال نہیں کرتی بلکہ صرف اولیو آئل استعمال کرتی ہوں اس سے چہرے پر جھریاں نہیں پڑتیں اور جلد تروتازہ رہتی ہے۔
میرا پسندیدہ میک اپ
مجھے خود میک اپ کرنا نہیں آتااس لئے عام طور پر جب بھی کہیں جاتی ہوں تو لوگ کہتے ہیں آپ میک اپ کے بغیرزیاہ اچھی لگتی ہیں میں یہ بھی شکر کرتی ہوں لوگ مجھے میک اپ کے بغیر پہچان تو لیتے ہیں۔ ہیوی میک اپ بھی سکرین کی ضرورت ہے جس سے انکار نہیں کیا جاسکتا اگر لپ سٹک کی بات کروں تو مجھے ریڈ،اورنج اورپنک شیڈز زیادہ پسند ہیں یہ تما م شیڈز تو میرے پاس ہر نئے،پرانے لوکل اور امپورٹڈ برانڈز میں موجود ہیں۔عمر کاتقاضا بھی ہے شاید وزن بڑھ رہا ہے اس لئے بال کھلے رکھتی ہوں تاکہ سکرین پر چہرہ زیادہ بڑانہ دکھائی دے۔
سامعہ خان بوڑھی کیوں نہیں ہو رہیں؟
تروتازہ جلد کے لئے صبح نہار منہ ایک پیالی گھر کا جما ہوادہی ضرور کھاتی ہوں کیونکہ دہی میں وٹامن ای کے ساتھ ساتھ کیلشیئم کی مقدار بھی دودھ سے زیادہ ہوتی ہے۔ میں سمجھتی ہوں گھرکا دہی کھانے والے لوگ جلدی بوڑھے نہیں ہوتے اورانہیں بوٹوکس کروانے کی بھی ضرورت نہیں پڑتی۔اس کے علاوہ پانی کی بوتل ہر وقت ہاتھ میں رکھتی ہوں۔اکثر لوگ کہتے ہیں دن میں 6سے8گلاس پانی پینا چاہیے مگر میں اتنا پانی پیتی ہوں کہ حساب رکھنامشکل ہے اسی لئے اپنے آپ کومچھلی کہتی ہوں کیونکہ نہ تو مچھلی پانی کے بغیرزندہ رہ سکتی ہے اور نہ ہی میں…
سامعہ خان کے کالےاور حسین بال
خوبصورت اور کم عمر نظرآنے کے لئے بالوں کی حفاظت بھی ضروری ہے اس لئے میں سوڈیم فری شیمپو استعمال کرتی ہوں اس کے علاوہ بائیوٹین سپلیمنٹس بھی لیتی ہوں کیونکہ اکثر سٹریس کی وجہ سے بال گرنے لگتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہفتے میں ایک بار آئلنگ ضرور کرتی ہوں۔
عمر کے ساتھ وزن بھی بڑھ رہا ہے
فٹنس برقرار رکھنے کے لئے واک کرنا بہت ضروری ہے ویسے میں گھر میں اپنے لئے جم بنانے کا سامان اکٹھا کر رہی ہوں مگر باقاعدہ ایکسر سائز کے لئے وقت ہی نہیں ملتا۔یوں تو واک سے آہستہ آہستہ وزن گرتا ہے لیکن واک چھوڑنے سے جلدی چڑھتا بھی نہیں ہے۔بہتر ہے اگر آپ باقاعدہ جم نہیں جا سکتیں تو کم از کم روزانہ واک کو اپنا معمول بنا لیں۔