اداکارہ ماہرہ خان کی طویل عرصے بعد ٹی وی اسکرین پر واپسی ہورہی ہے، اس بار وہ ’رضیہ‘ بن کر منفرد کردار ادا کرتی نظر آئیں گی، اداکارہ نے نئی آنے والی مختصر سیریز کا ٹریلر جاری کردیا ہے۔
ماہرہ خان نے آخری بار 2021 میں ڈراما ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ میں اداکار کی تھی جس کے بعد انہوں نے کسی ڈرامے میں کام نہیں کیا، البتہ اکتوبر 2022 میں ریلیز ہونے والی فلم ’مولا جٹ‘ میں انہیں بڑے پردے پر دیکھا گیا۔
طویل عرصے کے بعد وہ ایک بار پھر چھوٹی اسکرین پر واپس آرہی ہیں، وہ ایکسپریس انٹرٹینمنٹ میں نشر ہونے والی نئی سیریز ’رضیہ‘ میں نظر آئیں گی جہاں پاکستان میں عورت کی تلخ حقیقت کو تلاش کیا گیا ہے۔
ماہرہ خان نے رواں ہفتے پہلے ایک ٹیزر جاری کیا تھا جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ ’جب میں نے کہانی سنی تو میں نے فوراً دل سے ہاں کردی، اس کہانی کا حصہ بننے کے لیے شکر گزار ہوں۔‘
اب گزشتہ روز سیریز کا ٹریلر جاری ہوا ہے، ماہرہ خان نے ٹریلر کی ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہر وہ عورت جس کو میں جانتی ہوں وہ رضیہ ہے، رضیہ جیسی دکھتی ہیں یا رضیہ سے ملی ہوں، یہ کہانی ہم سب کے لیے ہے، جو ہماری نمائندگی کرتی ہے۔‘
اگرچہ ٹریلر دیکھ کر واضح طور پر کہانی کا اندازہ لگانا مشکل ہے لیکن تین منٹ سے کم کے ویڈیو کلپ میں مضبوط پیغام دیا گیا ہے جس میں خواتین سے متعلق معاشرے کے مختلف سماجی مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے۔
ٹریلر کا آغاز ماہرہ خان کی آواز سے ہوا ہے جہاں وہ رضیہ کی کہانی سننے کے لیے منفرد اور بولڈ جملوں سے لوگوں کو مدعو کرتی ہیں۔
ٹریلر سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ رضیہ ایسے خواتین کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کررہی ہے جہاں عورتوں کو جبر اور دباؤ میں رکھا جاتا ہے۔
یہی نہیں بلکہ رضیہ میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی، زیادتی اور ان کے حقوق کے بارے معاشرے کی اصلاح کے پہلو شامل ہوں گے۔
اس کے علاوہ خواتین کے دیگر مسائل کو بھی اجاگر کیا گیا ہے جن میں خواتین کو ہراساں کرنا، کم عمری میں شادی (چائلڈ میرج)، غیرت کے نام پر قتل سے لے کر گھریلو تشدد سمیت مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا۔
اداکارہ ٹریلر میں ناظرین کو بتاتی ہیں رضیہ کی کہانی میں ساس بہو کے قصے، رومانس یا محبت کے نام پر بدسلوکی کرنے والے لڑکے کو ہیرو کی طرح پیش کرنے کی کہانی نہیں ہے بلکہ یہ کردار عام طور پر دیکھے جانے والے موضوعات سے الگ ہے۔
مختصر سیریز میں مزید کیا پیغام دیا گیا اور کہانی کی کیا رخ کرتی ہے اس کا اندازہ سیریز ریلیز ہونے کے بعد ہی لگایا جاسکے گا، تاہم ٹریلر ریلیز ہوتے ہیں مداحوں کی جانب سے ماہرہ خان کے ’رضیہ‘ کے کردار کو بے حد پسند کیا جارہا ہے۔
مختصر سیریز کی ہدایت کاری محسن علی نے کی ہے اور حنا امان نے پروڈیوس کی ہے جبکہ مومل شیخ، محب مرزا، شہزاد ملک، اور پروین اکبر جیسے دیگر مشہور اداکار سیریز کی کاسٹ میں شامل ہیں۔
مختصر سیریز کب جاری ہوگی اس حوالے سے تاریخ کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا لیکن ممکنہ طور پر اسے رواں ماہ ہی جاری کردیا جائے گا۔