اہلیہ کو شادی کیلئے منانے میں 9 سال لگے، احمد علی بٹ

پاکستان کے نامور کامیڈین، ریپر، اداکار اور میزبان احمد علی بٹ نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں اپنی اہلیہ کو شادی کے لیے منانے میں 9 سال لگے۔

احمد علی بٹ کی فاطمہ خان کے ساتھ 2013 میں شادی ہوئی تھی اور ان کے ہاں اکتوبر 2014 میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔

احمدعلی بٹ نہ صرف ایک مشہور پاکستانی اداکار ہیں بلکہ پاپ موسیقار کے طورپر بھی جانے جاتے ہیں، اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز انہوں نے تھیٹر کے مشہور ڈرامے مولا جٹ اور انسپیکٹر کھوجی کی ڈائریکشن سے کیا، اداکاری کی ابتدا مشہور سٹ کام ’جٹ اور بونڈ‘ سے کی جسے بہت پزیرائی حاصل ہوئی۔

انہوں نے حال ہی میں جیو ٹی وی کے پروگرام ہنسنا منع ہے میں شرکت کی جہاں انہوں نے میزبان تابش ہاشمی کے دلچسپ سوالوں کا جواب دیا۔

احمد علی بٹ نے بتایا کہ وہ اب بہت کم کانسرٹ کرتےہیں، انہوں نے ماضی میں پنجابی، انگریزی اور سنجیدہ تھیٹر بھی کیے ہیں لیکن ٹی وی پر معاوضہ زیادہ تھا اس لیے ٹی وی پر کام شروع کردیا۔

اداکار نے اپنے وزن سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں وزن کم کرنے میں 2 سال لگے، وزن کم کرنے کا سفر کووڈ-19 کے دوران شروع ہوا تھا، انہیں خود احساس ہوا کہ وہ اب 40 سال کے ہوگئے ہیں اس لیے انہیں اپنا وزن کم لینا چاہیے۔

احمد علی بٹ نے بتایا کہ ’وزن کم کرنے کے پیچھے سب سے بڑی وجہ میرا بیٹا تھا، میں صحت مند رہنا چاہتا تھا اور اپنے بیٹے کے ساتھ زیادہ ACTIVE رہنا چاہتا تھا۔‘

اداکار نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی اہلیہ فاطمہ خان نے ان سے پہلے ٹی وی پر کام کرنا شروع کیا اور وہ اس وقت ان سے زیادہ مشہور تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ چونکہ اس وقت فاطمہ مجھ سے زیادہ مشہور اداکارہ تھیں تو میں نے انہیں اپنے ٹی وی پروگرام جٹ اینڈ بونڈ کی ایک ایپیسوڈ کی آفر کی، انہوں نے ہماری آفر قبول کی لیکن اس وقت ان کے بہت زیادہ نکھرے تھے اور مجھ سے انہوں نے بات تک نہیں کی۔

احمد علی بٹ نے مزید بتایا کہ شادی سے قبل 9 سال ہماری اچھی دوستی رہی پھر چونکہ ان کا تعلق برطانیہ سے ہے تو وہ مجھے چوھڑ کر برطانیہ چلی گئیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 9 سال انہیں شادی کے لیے منانے میں لگ گئے اور بہت کوششوں کے بعد انہیں واپس پاکستان بلا لیا۔

ٹی وی یا فلم میں آج کل کام نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے احمد علی بٹ کا کہنا تھا کہ ان کی 3 فلمیں بن چکی ہیں، ریلیز ہونا باقی ہیں، کیونکہ کووڈ-19 کی وجہ سے سنیما بند ہوگیا تھا، پروڈیوسرز اچھے وقت کا انتظار کررہے ہیں تاکہ فلم ریلیز کی جاسکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی تین فلموں میں ایک پنجابی فلم ہے، دوسری اینیمیٹڈ فلم ہے اور تیسری اداکار احمد علی اکبر کے ساتھ فلم ’گنجل‘ ہے