پاکستان کے معروف کامیڈین رؤف لالہ نے انکشاف کیا ہے کہ انھوں نے بھارت کے مشہور ریئیلٹی شو بگ باس کی آفر ’ پان‘ نہ ملنے کی وجہ سے ٹھکرا دی تھی۔
کامیڈین رؤف لالہ حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئے جس دوران میزبان کے سوال پر کامیڈین نے بتایا کہ 2006 میں ’انڈین لافٹر چیلنج‘ کیلئے بھارت گیا تھا جس کے بعد 2007 میں بگ باس کا اعلان سامنے آیا، لافٹر چیلنج کے پروڈیوسر کی جانب سے ہی بگ باس شروع کیا گیا تھا جسے اس وقت بالی وڈ اداکار ارشد وارثی نے ہوسٹ کیا تھا۔
رؤف لالہ نے بتایا کہ انڈین لافٹر چیلنج کے ساتھ میرا ڈیڑھ سال کا معاہدہ تھا، اسی دوران مجھے پروڈکشن کی جانب سے بگ باس کی پیشکش ہوئی، جب میں نے سوال کیا تو پتہ چلا اس شو کیلئے مجھے بگ باس گھر میں 3 سے ساڑھے 3 مہینے رہنا ہوگا، وہیں سب کچھ دیا جائے گا، میں نے ان سے پوچھا اس گھر میں پان ملیں گے؟ تو ان کا جواب’ نہ‘ تھا جسے سن کر میں نے بھارت کے ایک کروڑ روپے کی آفر ٹھکرادی تھی جو آج 3 کروڑ بھارتی روپے سے بھی کہیں زیادہ بنتی ہے۔
کامیڈین کا کہنا تھا کہ بگ باس میں اس وقت پان تو نہیں ملتے تھے لیکن اب سنا ہے بگ باس میں جوس کے ڈبے میں’سب‘ ملتا ہے۔
رؤف لالہ نے اپنی پان کی عادت پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ میں 40 سال سے ایک ہی دکان اور ایک ہی کاریگر کے ہاتھ کا بنا ہوا پان کھا رہا ہوں، وہ روزانہ 12 پان میرے لیے بناکر رکھتا ہے، مجھے پان کا نشہ ہے کسی سے بھی مانگ کر پان کھا لیتا ہوں، شادی کے وقت بھی میری تحقیقات میں یہی پتہ لگا تھا پان بہت کھاتا ہوں۔