بولی وڈ فلم ’غدر 2‘ کی کامیابی پر بھارتی اداکارہ امیشا پٹیل سے خوشی کا اظہار کرنے پر پاکستانی اداکار عمران عباس کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔
پاکستانی اداکار عمران عباس اور بولی وڈ اداکارہ امیشا پٹیل ایک دوسرے کو کئی سال سے جانتے ہیں، وہ دونوں امریکا کی یونیورسٹی میں ایک ساتھ پڑھے تھے۔
ماضی میں بھی دونوں کی گہری دوستی پر کئی بار خبریں گردش کرتی رہی ہیں اور دونوں کی ایک ساتھ ملاقات کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی۔
2022 میں دونوں کے درمیان رومانوی تعلق کی خبریں بھی گردش کرتی رہیں جب ایک وائرل ویڈیو میں دونوں کو ایک ساتھ دیکھا گیا، اس وقت دونوں اداکار خلیجی ملک بحرین میں ملے تھے، جہاں سے انہوں نے انسٹاگرام پر لائیو ویڈیو کے ذریعے مداحوں سے بات بھی کی تھی۔
اب حال ہی میں عمران عباس نے امیشا پٹیل کی نئی بولی وڈ فلم ’غدر 2‘ کی بھارت میں کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
عمران عباس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام اسٹوری میں امیشا پٹیل کو ٹیگ کرتے ہوئے انتہائی مختصراً لکھا کہ ’میں آپ کے لیے بہت خوش ہوں‘۔
عمران عباس نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ’غدر 2‘ کا ذکر تو نہیں کیا لیکن سوشل میڈیا صارفین کا خیال ہے کہ پاکستانی اداکار نے بھارتی اداکارہ کو ان کی نئی فلم ’غدر 2‘ کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
تاہم سوشل میڈیا صارفین نے عمران عباس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’غدر 2‘ پاکستان مخالف فلم ہے آپ کیسے ایسی فلم کی کامیابی پر کسی سے خوشی کا اظہار کر سکتے ہیں؟
دو دہائیوں سے زائد عرصے بعد بولی وڈ کی 2001 میں ریلیز ہونے والی فلم ’غدر: ایک پریم کتھا‘ کا سیکوئل ’غدر 2‘ 11 اگست کو ریلیز کیا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم نے مجموعی طور پر پانچ دن میں 300 کروڑ بھارتی روپے کما لیے ہیں۔
’غدر 2‘ کی پہلی فلم 2001 میں ریلیز کی گئی تھی، جس میں پاکستان مخالف مواد شامل کیا گیا تھا اور اب سیکوئل فلم میں بھی نفرت انگیز مواد کو شامل کیا گیا ہے۔
فلم میں حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے علاوہ اس میں پاکستان مخالف مواد کو بھی دکھایا گیا ہے۔
فلم میں 1971 کا زمانہ اور پاکستانی صوبے پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔
’غدر: ایک پریم کتھا‘ کو 2001 میں ریلیز کیا گیا تھا، فلم کی کہانی تقسیم ہند کے پس منظر کی تھی۔
فلم میں سنی دیول ایک سکھ شخص ’تارا‘ جب کہ امیشا پٹیل مسلمان لڑکی ’سکینہ‘ کا کردار ادا کرتی ہیں، جو تقسیم ہند سے قبل محبت میں شادی کر لیتے ہیں، تاہم جلد ہی ملک کا بٹوارا ہوجاتا ہے۔
فلم میں دکھایا گیا تھا کہ تقسیم ہند اور پاکستان بننے کے بعد ’سکینہ‘ پاکستان آجاتی ہیں اور ان کے سکھ شوہر انہیں لینے کے لیے بھارت سے لاہور آتے ہیں اور انہیں اہلیہ کے خاندان کی جانب سے بڑی مخالفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔