نامعلوم افراد نے18سالہ نوجوان پر پیٹرول چھڑک کرزندہ جلا ڈالا

لاہور میں 18 سالہ نوجوان کو نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر پیٹرول چھڑک کر زندہ جلا ڈالا، پولیس نے لاش کو مردہ خانے بھجوا کر تفتیش شروع کردی ہے۔

پولیس کے مطابق مانگا منڈی شامکے بھٹیاں میں 18 سالہ نامعلوم نوجوان کو کارسوارافراد نے ہاتھ پاؤں باندھ کرمبینہ طور پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا اور ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش کو مردہ خانے بھجوا دیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی یہ واردات دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے یا وجہ کچھ اور ہے، اصل حقائق تفتیش کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔