کراچی: سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد گرفتار

کراچی کے علاقے سچل گوٹھ میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے دو کارندوں کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی (سی ٹی ڈی) بشیر بروہی کے مطابق ملزمان کی شناخت اللہ رکھیو منگی اور یاسر حسین لاشاری کے نام سے ہوئی، ملزمان کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ، پستول اور کالعدم تنظیم کے نام سے چندے کی پرچیاں بھی برآمد ہوئی ہیں۔

حکام کے مطابق ملزمان کو ہنڈلرز کی جانب سے پانچ ٹارگٹ دیئے گئے تھے جن کی وہ ریکی مکمل کرچکے تھے۔ ملزمان نے رواں سال مارچ میں قمبر شہدادکوٹ میں فائرنگ کرکے شہری کو زخمی کیا تھا۔

گرفتار ملزمان میں سے ایک ملزم اللہ رکھیو پہلے بھی گرفتار ہوکر جیل جا چکا ہے، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔