میانوالی میں باپ کی فائرنگ سے زخمی ڈاکٹر سدرہ نیازی انتقال کر گئیں

میانوالی میں باپ کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی ڈاکٹر سدرہ نیازی انتقال کر گئیں۔

اہلِ خانہ نے ڈاکٹر سدرہ نیازی کے انتقال کی تصدیق کی ہے جو راولپنڈی کے اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔

اہلِ خانہ کے مطابق قانونی کارروائی کے بعد ڈاکٹر سدرہ کی نمازِ جنازہ و تدفین میانوالی میں کی جائے گی۔

ڈاکٹر سدرہ نیازی کے بھائی کی مدعیت میں والد کے خلاف مقدمہ درج ہے، تاہم ملزم کو اب تک گرفتار نہیں کیا جا سکا۔

میانوالی پولیس کے مطابق ڈاکٹر سدرہ کو 10 روز قبل ان کے والد نے فائرنگ کر کے زخمی کر دیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر سدرہ مزید پڑھائی کے لیے ہاسٹل میں شفٹ ہونا چاہتی تھیں، جبکہ والد بیٹی کے ہاسٹل میں منتقل ہونے کے خلاف تھے۔

زخمی لیڈی ڈاکٹر کو 20 اگست کو میانوالی سے راولپنڈی منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ 9 روز سے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیرِ علاج تھیں۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈاکٹر سدرہ نیازی کو تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔